(24 نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہاہے کہ وزیراعظم سے کسی نے استعفیٰ مانگا نہ ہی وہ دیں گے،وزیراعظم عمران خان آخری گیند تک کھیلیں گے، لگ رہا ہے ہم کمزور ہیں لیکن ہم کمزور نہیں گیم پلٹے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوادچودھری نے کہاکہ خط کے مندرجات کا بینہ ممبران کیساتھ شیئر کئے گئے،خط کے مندرجات کو سینئر صحافیوں کے سامنے بھی رکھا،اگلے مرحلے میں پارلیمان کے ان کیمرا سیشن میں خط کو رکھا جائے گا،انہوں نے کہاکہ کسی بھی خودمختار ملک کو اس طرح کی دھمکیاں نہیں دی جا سکتیں ، پاکستان کی حرمت اور خودمختاری کیلئے عمران خان لڑے گا ۔
فوادچودھری نے کہاکہ وزیراعظم سے کسی نے استعفیٰ مانگا نہ ہی وہ دیں گے،وزیراعظم عمران خان آخری گیند تک کھیلیں گے،92 کے ورلڈکپ کی طرح ہم پیچھے لگ ضرور رہے ہیں لیکن ہیں نہیں ،جو لوگ سندھ ہاﺅس میں جا کر بیٹھے ہیں ان کو پتہ ہی نہیں ان کیساتھ کیا ہو گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان کی فوج پاکستان کی حفاظت کی ضامن ہے، نواز شریف اداروں کو فتح کرنے کی کوشش کرتے رہتے تھے ، ہم اداروں کو مضبوط کرنے کی کوشش میں ہیں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی عسکری قیادت سے دو دفعہ ملاقات ہوئی ہے،خط کے مندرجات اپوزیشن کے ساتھ شیئر کر سکتے ہیں ، لگ رہا ہے ہم کمزور ہیں لیکن ہم کمزور نہیں گیم پلٹے گی۔
یہ بھی پڑھیں: فوادچودھری کے کزن بھی اپوزیشن میں شامل ہو گئے