منشیات سے پاک پاکستان کے عزم کیساتھ اے این ایف کی کارروائیاں جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ارشاد قریشی) انٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے ملک بھر میں منشیات کے خلاف آپریشن جاری ہے، مختلف کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد جبکہ ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب کار سے 90 کلو چرس، 33 کلو 600 گرام افیون اور 12 کلو ہیروئن برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ سے جدہ جانے والے سرگودھا کے رہائشی ملزم سے 508 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی ہے، برآمدشدہ ہیروئن کو لیپ ٹاپ کی اسکرین کے اندر چھپایا گیا تھا۔
ایک اور کارروائی میں فیصل آباد ساہیانوالا انٹر چینج ٹول پلازہ کے قریب کار سے 32 کلو 400 گرام افیون اور 19 کلو 200 گرام چرس برآمد کرکے خیبر کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
لاہور انٹرنیشنل ائرپورٹ پر کارروائی میں نجی کوریئر آفس میں انگلینڈ کیلئے بک کیے گئے پارسل سے 280 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی، جسے مختلف اقسام کی پلاسٹک شیٹس اور پیکٹوں میں چھپایا گیا تھا۔
کراچی انٹرنیشنل ائرپورٹ پر 2 مختلف کاروائیوں میں دبئی جانے والے ملزم سے 1.224 کلو ہیروئن برآمد کرلی گئی، جسے بڑی مہارت کے ساتھ بیگ میں چھپایا گیا تھا، کارروائی میں سوات کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: اے این ایف کی کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات برآمد
دوسری کارروائی میں شارجہ جانے والے ملزم سے 128 گرام نشہ آور گولیوں کا پاؤڈر اور 620 گرام مشکوک مواد برآمد کرکے رحیم یار خان کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
کراچی کے علاقے مین سپر ہائی وے کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کار سے 50 کلو 400 گرام چرس برآمد کرکے کوئٹہ کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
اے این ایف کے مطابق کراچی ہی میں ایم اے جناح روڈ پر واقع بس سٹاپ میں راولپنڈی سے آئے ہوئے پارسل سے 4 کلو 160 گرام آئس برآمد کرلی گئی، جسے سیٹ کور میں چھپایا گیا تھا، کارروائی میں کراچی کے رہائشی 2 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔
دونوں ملزمان اے این ایف کو پہلے سے درج مقدمات میں بھی مطلوب تھے۔
اے این ایف نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔