نگران وزیراطلاعات’کرسی ‘کیلئے گھومتے رہے کرسی نہ ملی

Mar 30, 2023 | 14:21:PM

(24 نیوز) نگران وزیراطلاعات’کرسی ‘کیلئے گھومتے رہے کرسی نہ ملی ، نگران وزیر اطلاعات اور سیکرٹری اطلاعات خیبرپختونخوا کے درمیان کرسی پر بیٹھنے پر تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا  کے نگران وزیر اطلاعات اور سیکرٹری اطلاعات کے درمیان کرسی پر بیٹھنے پر تنازعہ پیدا ہوا۔ واقعہ پشاور میں خیبرپختونخوا کے نگران وزیراطلاعات میاں فیروز شاہ کا سیکرٹری اطلاعات کے دفتر میں سیکرٹری کی کرسی پر بیٹھنے کی وجہ سے پیش آیا۔ 

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز نگران وزیراطلاعات میاں فیروز شاہ کاکاخیل سیکرٹری اطلاعات کے دفتر پہنچے تو سیکرٹری اجلاس میں موجود تھے، مشیر خزانہ اطلاعات نے جب سیکرٹری اطلاعات کی کرسی پر بیٹھنے کی خواہش ظاہر کی تو سیکرٹری نے وزیر کو اپنی کرسی دینے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ  صوفہ پر بیٹھ جائیں، جس پر دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ شروع ہو گیا۔

مزید پڑھیں: انتخابات کیس: بنچ ٹوٹ گیا، جسٹس امین الدین کا کیس سننے سے معذرت

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سیکرٹری اطلاعات کی جانب سے کرسی دینے سے انکار کے بعد مشیر اطلاعات نے پریس کانفرنس بلانے کی دھمکی دینے کے بعد نگران وزیر اطلاعات سیکرٹری کے دفتر سے نکل کر ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات کے دفتر چلے گئے جہاں انہوں نے ایڈیشنل سیکرٹری کی کرسی پر بیٹھنے کی کوشش کی تو ایڈیشنل سیکرٹری نے بھی اپنی کرسی دینے سے معذرت کر لی۔

پشاور میں پیش آئے اس واقعے کے بعد محکمہ اطلاعات کے افسران اور عملے کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں واقع پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ واضح رہے کہ وزیراعلٰی کے مشیر سید ہارون شاہ بھی اس واقع کے دوران موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں