یکم اپریل سے درہ خنجراب تجارت کیلئے کھول دیا جائے گا، نوٹیفیکشن جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) درہ خنجراب کو یکم اپریل سے تجارت کیلئے کھولنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور چین کی سرحد پر واقع درہ خنجراب یکم اپریل سے تجارت کیلئے کھول دیا جائے گا۔ درہ خنجراب کو تجارت کیلئے کھولنے کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا ہے۔
قراقرم ہائی وے پر واقع درہ خنجراب پاکستان اور چین کے درمیان زمینی رابطے کا واحد ذریعہ ہے۔ درہ خنجراب گلگت بلتستان پاکستان اور سنکیانگ ایغور چین کو آپس میں ملاتا ہے۔ جسے کرونا وبا کے دوران دونوں ممالک کے درمیان وبا پھیلنے کے خطرات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بند کر دیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: عوام کیلئے اچھی خبر، بجلی 6 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری
اس وقت دونوں ممالک کووڈ-19 کے بعد سرحد پار تجارت اور کاروبار کو آگے بڑھانے کی خاطر کسٹم کلیئرنس کو آسان اور یقینی بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ درہ خنجراب عام طور پر ہر سال یکم اپریل سے 30 نومبر تک کھلا رہتا ہے اور یکم دسمبر سے 31 مارچ تک شدید ٹھنڈے موسم اور آکسیجن کی کمی کی وجہ سے بند رہتا ہے۔ لیکن رواں برس اس کو دو مرتبہ عارضی طور پر اشیاء کی ترسیل کی غرض سے کھولا جا چکا ہے۔ جس دوران یہاں سے 128 شخصیات نے بارڈر پار سفر کیا، 328 گاڑیاں گزریں اور 6000 ٹن سے زائد اشیاء برآمد ہوئیں۔