اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے الزامات: سابق جج تصدق جیلانی انکوائری کمیشن کے سربراہ مقرر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے کی تحقیقات کیلئے وزیراعظم نے انکوائری کمیشن بنادیا ۔ذرائع کے مطابق انکوائری کمیشن کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ تصدق جیلانی ہوں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے کی تحقیقات کیلئے وفاقی کابینہ نے انکوائری کمیشن کی منظوری دیدی،انکوائری کمیشن کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ تصدق جیلانی ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ انکوائری کمیشن اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے الزامات کی انکوائری کرے گا۔ وزیر اعظم اور چیف جسٹس پاکستان کے درمیان ملاقات میں انکوائری کمیشن کی تشکیل پر اتفاق ہوا تھا۔ کمیشن کے ٹی او آرز وفاقی وزیر قانون اور اٹارنی جنرل تیار کریں گے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز نے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھ کر مطالبہ کیا کہ ہم جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی کے تحقیقات کرانے کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اگر عدلیہ کی آزادی میں مداخلت ہو رہی تھی تو عدلیہ کی آزادی کو انڈرمائن کرنے والے کون تھے؟ ان کی معاونت کس نے کی؟ سب کو جوابدہ کیا جائے تاکہ یہ عمل دہرایا نہ جا سکے، ججز کے کوڈ آف کنڈکٹ میں کوئی رہنمائی نہیں کہ ایسی صورتحال کو کیسے رپورٹ کریں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط کے معاملے پر چیف جسٹس پاکستان نے دو مرتبہ فل کورٹ اجلاس طلب کیا تھا، پہلے فل کورٹ اجلاس کے بعد وزیراعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات ہوئی تھی، اس ملاقات کے بعد ہونے والے فل کورٹ اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ایگزیکٹو کی عدالتی کاموں میں مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔