(24 نیوز)وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ 26مارچ کو بشام میں افسوسناک واقعہ پیش آیا،بشام واقعہ میں پانچ چینی انجینئر اور ایک پاکستانی شہید ہوا،چینی سفارتخانے جاکر تعزیت کی،چینی صدر کو بھی پیغام بھیجا،دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،بشام واقعہ کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لائیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ آئندہ پانچ سال کے دوران معیشت کو بہتر بناناہے،تمام وزارتوں کو اہداف کے حصول کی ہدایت کردی ہے، دشمن نہیں چاہتےکہ پاکستان اور چین کی دوستی آگے بڑھے۔
انہوں نے کہا کہ بشام واقعہ پر پیش رفت ہوئی ہے اور معاملات سامنے لائے جا رہے ہیں، چینی انجینئرز اور ان کے خاندانوں کو ہر ممکن سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ہم سب نے مل کر چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے، میں نے 5 سالہ منصوبہ کابینہ ارکین کے ساتھ شئیر کیا ہے، مقاصد کے حصول کے لیے سب وزارتوں نے سر توڑ محنت کرنی ہے، تمام وزارتوں کے اہداف کے حصول کیلئےجلد حکمت عملی اپنائی جائے جس کے بعد ہر وزارت کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، انسانی وسائل کی کمی ہے تو بہترین یونیورسٹیوں سے قابل لوگ لیے جائیں اور اس کے علاوہ وزارتوں میں بھی بہترین سیکرٹریز موجود ہیں جن سے کام لیا جا سکتا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ مؤثر دفاعی صلاحیت کے لیے مسلح افواج کی ضروریات پورا کریں گے، ہمارے شہدا اور غازی اس قوم کے ہیرو ہیں۔ ذمہ داری کے بغیر دنیا کا کوئی نظام نہیں چل سکتا، ہم نے 5 سالوں میں پاکستان کی معیشت کو بدلنا ہے۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے بھی معیشت کے استحکام کیلئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔