(ویب ڈیسک)صوبائی وزیر صحت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق کے احکامات کی روشنی میں لاہور جنرل ہسپتال کی انتظامیہ نے عید الفطر کی سرکاری تعطیلات کے دوران مریضوں کو علاج معالجے کی بروقت سہولیات کی فراہمی کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ۔
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے اس سلسلے میں گریڈ 20 کے ڈاکٹر یحییٰ سلطان کو ڈائریکٹر ایمرجنسی لاہور جنرل ہسپتال مقرر کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے ہیں-
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے بتایاہے کہ انتظامی ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جودیئے گئے شیڈول کے مطابق تین شفٹوں میں فرائض سر انجام دیں گے ۔ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت ایمرجنسی میں مریضوں کو بغیر پرچی فیس ادویات ،تشخیصی ٹیسٹ و دیگر سہولیات مفت دستیاب ہوں گی ۔
ڈاکٹر فریاد حسین نے تمام شعبوں کے سربراہان سے کہا کہ وہ عید کے ایام میں اپنے موبائل فون آن رکھیں،انہوں نے شعبہ ورکس کے ملازمین کو بھی ہدایت کی کہ تمام جنریٹر اپ ڈیٹ رکھیں اور ان ایام میں الیکٹریشن و دیگر سٹاف کی ڈیوٹی پر حاضری یقینی بنائی جائے۔
ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے سینٹری انسپکٹرز کو بھی سختی سے ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ہسپتال آنے والے افراد کو خوشگوار ماحول ملے اور وہ مثبت تاثرات لے کر جائیں ۔ سکیورٹی گارڈز بھی مریضوں ولواحقین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا کریں ، شکائیت کی صورت میں قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے اے ایم ایس ایڈمن اور نرسنگ انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ اپنے اپنے ماتحت سٹاف سے ڈیوٹی اوقات کی سختی سے پابندی کروائی جائے ، غیر حاضر رہنے یا تاخیرسے آنے والے ملازمین کے خلاف بلا تاخیر محکمانہ کاروائی عمل میں لائیں ۔ اے ایم ایس اور ڈی ایم ایس دوسری شفٹ کو چارج دیئے بغیر نہیں جا سکیں گے اگر کسی شعبے میں بد انتظامی پائی گئی تو متعلقہ ڈی ایم ایس جوابدہ ہونا ہوگا-
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم سمیت دیگر وزراء عید الفطر کہاں منائیں گے؟
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ہسپتال میں مریضوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں-