(24نیوز) حمزہ شہباز نے لاہور ہائیکورٹ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے الیکشن کے خلاف درخواستوں کا جواب جمع کرادیا ہے، الیکشن کے خلاف درخواستوں کو جرمانے کے ساتھ خارج کرنے کی استدعا کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے اپنے وکیل خالد اسحاق کے ذریعے 16 صفحات کا جواب جمع کرای،حمزہ شہباز کی جانب سے جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کا الیکشن ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں بالکل آئین و قانون کے مطابق ہوا، وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے الیکشن سپریم کورٹ کی 63 اے کی تشریح سے قبل ہوا،جواب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق سپریم کورٹ کی تشریح کا وزیر اعلیٰ کے الیکشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، اعلیٰ عدالیہ کے فیصلے کا اطلاق ماضی سے نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: لانگ مارچ کی تیاریاں جاری.جون میں کیا ہوگا۔۔؟ پرویز الہیٰ نے خبر دار کر دیا
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا اپنے جواب میں کہنا تھا کہ الیکشن قانون کے مطابق ہوا اور حمزہ شہباز قانون کے مطابق ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، سابق گورنر کی جانب سے الیکشن سے متعلق چھان بین غیر قانونی تھی، سیکرٹری اسمبلی کے پاس بھی الیکشن سے متعلق انکوائری کا کوئی اختیار نہیں۔