(24 نیوز)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان قومی اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کیلئے طلب کرلیا۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق سپیکر راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے اراکین جنہوں نے اپنی نشستوں سے استعفیٰ دیا تھا کو اپنے استعفوں کی تصدیق کیلئے طلب کر لیاہے،اس حوالے سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے مستعفی اراکین کو مراسلے جاری کر دیئے گئے۔
اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان سے تصدیقی عمل کیلئے 5 روز مختص کردیئے گئے ،پیر سے جمعہ تک مستعفی ارکان سے تصدیق کا عمل شروع کیا جائے گا،ترجمان کاکہناتھا کہ پی ٹی آئی کے روزانہ 30 ایم این ایز کو تصدیق کیلئے بلایا جائے گا،ہر مستعفی رکن کو تصدیق کیلئے 5 منٹ کا وقت ملے گا،سابق وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر مستعفی ارکان کو ذاتی حیثیت میں بلایا گیا ہے ۔
سابق وزیراعظم عمران خان کو بھی استعفیٰ کی تصدیق کیلئے6 جون کو صبح 11 بجے سپیکر قومی اسمبلی چیمبر طلب کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سابق ایم این اے عدنان اورنگزیب ٹریفک حادثے میں جاں بحق