لندن: انگلینڈ نے پاکستان کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں 7 وکٹ سے ہرادیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)انگلینڈ نے پاکستان کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں 7 وکٹ سے ہرادیا، انگلینڈ نے چار میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت لی۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 4 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں قومی ٹیم نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 158رنز کا ہدف دیا، انگلش ٹیم نے 158رنز کا ہدف16ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
انگلینڈ کی جانب سے فل سالٹ نے 45، جوز بٹلر نے 39 اور ول جیکس نے 20 رنز اسکور کیے۔ انگلش بلے باز جونی بیئرسٹو 28 رنز اور بروک 17رنز پر ناقابل شکست رہے۔انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان چوتھے میچ میں حارث رؤف نے 38رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی ٹیم بیسویں اوور کی پانچویں گیند پر 157رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے عثمان خان نے 38، کپتان بابر اعظم نے 36 اور محمد رضوان نے 23 رنز بنائے۔
افتخار احمد نے 21 رنز کی اننگز کھیلی، نسیم شاہ نے 16 رنز بنائے، فخر زمان کے 9، حارث رؤف کے 8 رنز رہے۔شاداب خان، اعظم خان ، شاہین آفریدی اور محمد عامر کوئی رن نہ بناسکے۔انگلینڈ کی جانب سے لیونگسٹن، عادل رشید اور مارک ووڈ نے 2-2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ معین علی، کرس جارڈن اور جوفرا آرچر نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا اور تیسرا میچ بارش کی نذر ہوا تھا جب کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں انگلش ٹیم نے گرین شرٹس کو شکست دی تھی۔