ملتان جلسہ: موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس متاثر

Nov 30, 2020 | 11:25:AM

(24نیوز)ملتان میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے  پی ڈی ایم کے جلسے  کو ناکام بنانے کیلئے شہر کی متعدد سڑکیں بند کردی گئی ہیں جبکہ شہر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی متاثر ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے جلسے کو روکنے کے لیے ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک دکھائی دے رہی ہے۔ مختلف اضلاع سے پنجاب پولیس کی اضافی نفری کو طلب کیا گیا ہے جبکہ کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں بھی منگوالی گئی ہیں۔

پولیس نے اسٹیڈیم کو کارکنان سے خالی کرا کے ایک بار پھر سے تالے لگا دیے گئے ہیں، اسٹیڈیم سے سیاسی رہنماؤں کے پینا فلیکس اور بینرز بھی اتار دیےگئے ہیں جب کہ چوک گھنٹہ گھر کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کر کے رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں ہیں۔گیلانی ہاؤس جانے والے راستے سیل کردئیے ہیں جب کہ شہر کی بیشتر سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی ہونے سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب ملتان کے بیشتر علاقوں میں موبائل فون سروس متاثر ہے اور انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر بند ہے۔علاوہ ازیں سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ، ملازمین کو زخمی کرنے اور کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر سیاسی رہنماؤں کے خلاف مقدمات بھی درج کر لیے گئے ہیں۔

 واضح رہے کہ پولیس نے پی ڈی ایم کے ملتان میں ہونے والے جلسے سے قبل بہاولنگر میں (ن) لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ف کے 37 کارکن کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔تھانہ لوہاری گیٹ پولیس نے اسٹیڈیم پر حملہ اور قبضہ کرنے پر 80 افراد نامزد اور 1800 نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔مقدمے میں عبدالغفور حیدری، یوسف رضا گیلانی کے چاروں بیٹوں، جاوید ہاشمی کے داماد زاہد بہار ہاشمی اور عبدالرحمان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں