(24نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہہ اپوزیشن سے تصادم کے حق میں نہیں ہوں، جلسہ ملتوی کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔حزب اختلاف اگر جلسے ملتوی کرےگی تواس کی شان میں کمی نہیں آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملتان میں کورونا کے مثبت کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ جماعت اسلامی نے وبا کے پھیلاؤ کے پیش نظر اپنے جلسوں کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے، ہم اُن کے شکرگزار ہیں۔ اپوزیشن قیادت بھی بڑے پن کا مظاہرہ کرے۔
شاہ محمود قریشی نےمزید کہا کہ اسد عمر نے سکھر میں ایک نشست کی اس کو جلسہ نہیں کہہ سکتے کیونکہ اُس نشست میں تین سو سے بھی کم لوگ تھے۔ میں نے تھرپارکر اور مٹھی میں جلسوں کو ملتوی کیا۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اسلاموفوبیا پر پاکستان کے موقف کو تائید ملی جبکہ بھارت نے کوشش کی کہ مسئلہ کشمیرکو نہ اُٹھایا جائے۔یواے ای کے ساتھ مستحکم تعلقات ہیں، ویزوں پر مسئلہ سامنے آیا جسے دور کردیا گیا۔