(24نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے میو ہسپتال میں کرونا سے متعلق خریداری کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے لاہور کے میو ہسپتال میں کرونا وبا کے سلسلے میں کی جانے والی خریداری کی جانچ پڑتال شروع کر دی، نیب نے تمام ریکارڈ طلب کر لیا۔
نیب نے سیکریٹری ہیلتھ نبیل اعوان کو ایک خط لکھ کر کہا ہے کہ ماسک، گلوز، حفاظتی کٹس کی خریداری کا تمام ریکارڈ دیا جائے نیب کو فراہم کیا جائے۔نیب نے سیکریٹری ہیلتھ سے میو ہسپتال میں کرونا کے لیے مختص فنڈ اور اس کے استعمال کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے، نیب کا کہنا تھا کہ جتنی خریداری ہوئی ہے اس کے لیے دیے جانے والے اشتہار اور ٹینڈرز کا بھی ریکارڈ دیا جائے۔نیب نے ٹھیکے داروں اور کنٹریکٹ دینے والے افسران کی فہرست بھی طلب کر لی ہے۔
یاد رہے کہ اکتوبر میں ملتان کے نشتر میڈیکل یونی ورسٹی و ہسپتال میں بھی کروڑوں کی کرپشن کا انکشاف ہوا تھا، جس پر ڈی جی اینٹی کرپشن کی ہدایت پر ڈائریکٹر ملتان نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی تھی، کمیٹی کو 15 دن میں رپورٹ مرتب کر کے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔اس سے ایک ہفتہ قبل لاہور کے سروسز ہسپتال میں بھی مالی بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا تھا، آڈیٹر جنرل پاکستان کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ شوکورز کی خریداری کی مد میں 25 لاکھ 56 ہزار روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔