وزیر اعلیٰ کون ؟ انتخاب آج ہوگا

Nov 30, 2020 | 12:51:PM
 وزیر اعلیٰ کون ؟ انتخاب آج ہوگا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ کا انتخاب آج ہوگا، ریٹرننگ افسر نے اس سلسلے میں تفصیلات جاری کر دیں۔پاکستان تحریک انصاف نے بیرسٹر خالد خورشید کو وزارتِ اعلیٰ کے لیے نامزد کیا ہے جب کہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے ایڈووکیٹ امجد حسین امیدوار نامزد کیے گئے ہیں۔گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ کے لیے پولنگ آج شام 4 بجے ہوگی، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد فہرست شائع کی جائے گی۔

 تفصیلات کے مطابق:آراوکا کہنا تھا کہ امیدواران کاغذات نامزدگی 2 بجے تک واپس لے سکتے ہیں۔یاد رہے کہ 16 نومبر کو گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں پی ٹی آئی نے تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 10 نشستیں حاصل کی تھیں، جب کہ دوسرے نمبر پر آزاد امیدوار رہے تھے جن کی تعداد 7 تھی، پیپلز پارٹی نے 3 جب کہ ن لیگ نے صرف 2 نشستیں حاصل کیں۔گلگت بلتستان میں تاریخی کامیابی کے بعد تحریک انصاف کی آزاد کشمیر الیکشن کیلئے منصوبہ بندی شروع ہو گئی۔

چند دن قبل گلگت بلتستان کی نئی کابینہ کی تشکیل کے لیے وزیر اعظم عمران خان سے علی امین گنڈا پور اور سیف اللہ نیازی نے ملاقات کی تھی، جس میں ایڈووکیٹ خالد خورشید کو وزیر اعلیٰ نامزد کیا گیا جب کہ فتح اللہ خان کو پلاننگ و ڈویلپمنٹ انفارمیشن کا قلم دان دیے جانے کا فیصلہ ہوا۔اس ملاقات میں وزارت ورکس کے لیے وزیر سلیم، محکمہ جنگلات کے لیے راجا ذکریا اور وزیر تعلیم کے لیے اعظم خان کے نام فائنل کیے گئے، وزارت صحت کے لیے گل بر خان اور وزارت خوراک کے لیے شمس لون کو نامزد کیا گیا، وزارت پانی و بجلی کے قلم دان کے لیے مشتاق حسین کے نام پر اتفاق ہوا۔