’منڈیا سیالکوٹیا‘نجی ائیرلائن کے3 طیارے پاکستان پہنچ گئے

Nov 30, 2020 | 13:06:PM
’منڈیا سیالکوٹیا‘نجی ائیرلائن کے3 طیارے پاکستان پہنچ گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24  نیوز)سیالکوٹ بزنس مین برادری کی طرف سے شروع کی جانیوالی نجی ایئرلائن  کے تین ایئربس اے 320-200ایس کے طیارے ایریزونا کے شہر فینکس سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچے جہاں سے  ایک طیارے نے سیالکوٹ کے لئے اڑان  بھری۔

نجی ایئر لائن کا افتتاح 9 دسمبر کو متوقع ہے تاہم ایئر لائن کے فلائٹ آپریشنز کا آغاز بعد میں ہوگا۔ نجی ائیرلائن کے وائس چیئرمین فضل جیلانی کا کہنا ہےکہ افتتاح کے فورا بعد ہی ایئر لائن اپنے ٹکٹوں کی فروخت شروع کردے گی۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دو اور ہوائی جہاز جلد ہی سیالکوٹ پہنچیں گے، ان میں سے ایک طیارہ تین دسمبر کو فضائی بیڑے کا حصہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پائلٹ اچھی طرح سے تربیت یافتہ ہیں اور محکمہ انجینئرنگ بین الاقوامی معیار پر عمل پیرا ہے، حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔

سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر محمد اشرف ملک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نجی ائیر لائن اپنے آپریشنز کا آغاز کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور اور سیالکوٹ آنے یا جانے والی پروازوں سے کرے گا۔

واضح رہے کہ نجی ملکیت والی ایئر لائن کو 2017 میں ایوی ایشن ڈویژن کے ذریعہ اپنے آپریشن چلانے کی اجازت مل گئی تھی، فی الحال یہ اندرون ملک کیلئے پروازیں چلائیں گی تاہم جلد ہی یہ انٹرنیشنل پروازیں شروع کرنے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے۔