’’غیر بھی گراتے ہیں پی آئی اے پہ بجلیاں‘‘
Stay tuned with 24 News HD Android App
( 24 نیوز)پی آئی اے میں صرف اپنوں نے ہی نہیں گڑ بڑ کی بلکہ غیروں نے بھی ٹیکہ لگایا ہے، پی آئی اے کو مالی نقصان پہنچانے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے نے 2 غیر ملکیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل عبدالرؤف شیخ کے مطابق قومی ائیرلائن کو مالی نقصان پہنچانے پر ایف آئی اے میں دو غیر ملکیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
مقدمے میں پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کے سابق قائم مقام جرمن سی ای او برنڈ ہلڈربرانڈ اور سابق عارضی کنسلٹنٹ آسٹریلین نژاد ہیلموٹ بیچونفر کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمہ میں درج متن کے مطابق 4 سال قبل پی آئی اے کے انجینئرنگ ڈائریکٹر نے ایک اسامی کے لیے ریکوزیشن کی، سابق قائم مقام جرمن سی ای او نے مروجہ قوانین کے بر خلاف تقرری کر لی جب کہ تقرری بھی قانون کے خلاف آسٹریلین نژاد ہیلموٹ بیچونفر کی اپنے کنسلٹنٹ کے طور پر کی گئی۔ متن میں بتایا گیا کہ 3 ماہ کے لیے آسٹریلین کنسلٹنٹ کو 15 ہزار ڈالر اور دیگر مرتعیش مراعات پر رکھا گیا، یہ کنٹریکٹ رولز اینڈ ریگولیشن کی خلاف ورزی اور مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر کیا گیا جس سے قومی خزانے کو کم از کم 50 لاکھ روپے سے زیادہ کا نقصان پہنچا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل عبدالرؤف شیخ کے مطابق دونوں غیر ملکیوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔