حکومت سے اجازت ملی نہ راستہ ،کارکن جلسہ گاہ پہنچنا شروع

Nov 30, 2020 | 15:33:PM

(24نیوز)حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے  حکومت سے اجازت نہ ملنے کے باوجود آج ہر صورت ملتان میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے اور کارکنان رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔


تفصیلات کے مطابق :مقامی انتظامیہ نے قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم جانے والے تمام سارے راستے بند کر کے ٹرکوں اور ٹرالیوں سے رکاوٹیں کھڑی کردی ہیں، ایک ہزار پولیس اہلکار گھنٹہ گھر چوک پر تعینات ہیں جب کہ اسٹیڈیم اور گھنٹہ گھر چوک کو سیل کر دیا گیا ہے۔پولیس نے قاسم اسٹیڈیم کو ایک بار پھر سے تالے لگا دیے ہیں۔ اسٹیڈیم سے سیاسی رہنماؤں کے پینا فلیکس اور بینرز بھی اتار دیےگئے ہیں ،جب کہ چوک گھنٹہ گھر کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کر کے رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں ہیں۔کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے آج گھنٹہ گھر چوک پر دکانیں،کاروباری مراکز اور ملتان میٹرو بس سروس بھی بند رہے گی، کاروباری مراکز بند ہونے کے باعث یومیہ اجرت پر کام کرنے والے دیہاڑی دار مزدوروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ملتان شہر میں داخل ہونے والے تمام راستوں پر بھی کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں اور صرف گاڑیوں کو چیکنگ کے بعد شہر میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ شہرکے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔مختلف اضلاع سے پنجاب پولیس کی اضافی نفری کو بھی طلب کر لیا گیا ہے، جب کہ کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں بھی منگوا لی گئی ہیں۔دوسری جانب پی ڈی ایم قیادت کا کہنا ہے، کہ حکومت چاہے جتنی رکاوٹیں کھڑی کر لے اور جتنی بھی گرفتاریاں کر لے کہنہ قاسم باغ میں جلسہ ہو کر رہے گا اور جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں گیلانی ہاؤس کے باہر ساؤنڈ سسٹم والا ٹرک بھی پہنچا دیا گیا ہے لیکن پولیس نے گیلانی ہاؤس کے باہر کنٹینر لگا کر راستے سیل کر دیے ہیں۔آصفہ بھٹو زرداری بھی گیلانی ہاؤس پہنچ گئی ہیں جہاں سے وہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ ریلی کی قیادت میں جلسہ گاہ پہنچیں گی۔

مزیدخبریں