جنرل باجوہ سے چینی وزیر دفاع کی ملاقات۔دفاعی تعاون بڑھانے کا معاہدہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
( 24نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی وزیر دفاع وائی فنگ نے یہاں جی ایچ کیو میں ملاقات کی ۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی سمیت اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔چینی وزیر نے علاقائی امن اور استحکام کے قیام میں پاک فوج کے پرخلوص کردار کو سراہا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقائی اور عالمی ایشوز پر پاکستان کی غیر متزلزل سپورٹ کرنے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج چین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے۔ ہم ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مستقبل کے چیلنجز کے باوجود ہمارے تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
ترجمان پاک فوج کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی وزیر دفاع وائی فنگ کی جی ایچ کیو آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ چینی وزیر دفاع نے یادگار شہدا پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ بعد ازاں پاکستان اور چین کی افواج کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کیلئے ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔