آمدن سے زائد اثاثے ,خورشید شاہ سمیت 18 ملزموں پر فرد جرم عائد

Nov 30, 2020 | 19:49:PM

(24نیوز)احتساب عدالت سکھر نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ، سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ، رکن صوبائی اسمبلی فرخ شاہ سمیت 18 ملزموں پر فرد جرم عائد کردی ۔

 گزشتہ روز خورشید شاہ سمیت 18 ملزموں کے خلاف دائر ایک ارب 23 کروڑ روپے کے آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ خورشید شاہ کی دو بیگمات، دو صاحبزادوں پر بھی فرد جرم عائد کی گئی لیکن ملزموں نے صحت جرم سے انکا ر کر دیا، جس کے بعد عدالت نے سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ ابتدائی طور پر صبح ریفرنس کی سماعت ہوئی تھی تاہم ایک ملزم کی عدم پیشی کے باعث سماعت کو دوپہر تک ملتوی کردی گئی تھی۔ دوپہر میں دوبارہ سماعت ہوئی اورفرد جرم عائد کی گئی۔یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو نے خورشید شاہ کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں 18 ستمبر 2019 کو اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔نیب کی جانب سے خورشید شاہ، ان کے دو بیٹوں، دونوں بیگمات اور داماد صوبائی وزیر سید اویس قادر شاہ سمیت 18 افراد پر ایک ارب 30 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ 

مزیدخبریں