(24نیوز)آصفہ بھٹو زرداری نے بھی سیاست میں انٹری دے دی، پہلے ہی خطاب میں بڑا اعلان کردیا۔آصفہ بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم جلسے سے اپنی سیاسی اننگ کا آغاز کردیا۔
تفصیلا ت کے مطا بق پی ڈی ایم کے سیاسی میدان میں پہلا خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو ذوالفقار علی بھٹو کا مشن لیکر آگے چلیں اور شہادت قبول کی۔ پیپلز پارٹی کے ہزاروں کارکن اس راہ میں قربان ہوئے،جیسے ایم آرڈی میں بے نظیر بھٹو کا ساتھ دیا اب پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے بلاول بھٹو کا ساتھ دینگے۔
یا د رہے کہ اس سے قبل جلسہ میں خطا ب کر تے ہو ئے مریم نواز نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے وائرس کا نام عمران خان ہے، پاکستان کولگے مہلک وائرس کا پہلے علاج کیا جائے، کووڈ 19 سے پہلے کووڈ 18 کو گھر بھیجنا ضروری ہے کیوں کہ کووڈ 18 گھر چلا جائے تو کووڈ 19 بھی چلا جائے گا، کیا وزراء کے جلسے میں کورونا نہیں آتا، کیا کورونا کہتا ہے کہ تحریک انصاف کاجلسہ ہے توواپس چلا جائوں اور پی ڈی ایم کاجلسہ ہے تومیں اندر آجائوں گا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام کے گھروں میں غموں کے ڈیرے، آج روٹی 30 روپے ہوجانے اور چولہے ٹھنڈے ہوجانے کاغم ہے، آج عوام کے روزگار چھن جانے، کاروبار کو تالا لگ جانے کا غم ہے، نواز شریف نے کہا عوام کے دکھوں پر اپنے ذاتی دکھ قربان کردینا کیونکہ 22 کروڑعوام کے دکھ کے سامنے ہمارے دکھ کچھ نہیں، میں نے کہا جلسہ ہو یا نہ ہوعوام کے پاس ضرور پہنچوں گی، آپ نے ایک جلسہ گاہ کو بند کیا،ہر گلی میں جلسہ ہو رہا ہے، ہمارے نہتے کارکنوں کی گرفتاریاں ہو رہی ہیں، لیکن ملتان والو شاباش حکمرانوں کو مارمار کر بھگادیا ہے۔
آصفہ بھٹوکی سیاسی اننگ کا دبنگ آغاز، بڑے بڑوں کے چھکے چھڑا دئیے
Nov 30, 2020 | 19:56:PM