(24نیوز)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 55 سالوں پر محیط پاکستان پیپلز پارٹی کی جدوجہد بارآور ہونے کے قریب ہے،اب ملک میں آئین کی بالادستی اور جمہوریت مضبوط ہوگی۔
پارٹی کے 55 ویں یوم تاسیس پر پیغام میں کہا کہ آئندہ عام انتخابات کے بعد وفاق سمیت چاروں صوبوں میں عوامی راج ہوگا،پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے کہ جس کی جڑیں عوام میں موجود ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی نے مشکل ترین حالات کا جراَت و بھادری سے مقابلہ کیا،پی پی پی نے آزمائش و کٹھن حالات کے دوران ملک و قوم کو قیادت فراہم کی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت، انسانی حقوق اور مساوات کی علمبردار ہے،آئین و پارلیمان کی بالادستی کو ناقابلِ تسخیر بنانا، معاشرے میں مساوات اور عوام کی خوشحالی ہمارا مشن ہے،زندہ قومیں اپنے ماضی اور حال کا تنقیدی جائزہ لیتی ہیں،ہمیں بھی بطور جماعت، ریاست اور قوم اپنی اپنی سطح پر اپنی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا،نوشتہ دیوار ہے کہ ملک کو آئندہ سلیکٹڈ نہیں الیکٹڈ حکومتوں کی ضرورت ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں کو یہ ملک، اس کا آئین اورجمہوریت سب سے زیادہ عزیز ہیں،پی پی پی اپنے بانی کے فلسفے و منشور پر سختی سے کاربند ہے،اسلام ہمارا دین ہے، سوشلزم ہماری معیشت ہے، جمہوریت ہماری سیاست اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں،پارٹی کے یومِ تاسیس کا دن ہر جیالے کے لیے تجدید عہد کا دن ہے۔
جیالے عہد کریں، فکرِ بھٹو کی روشنی میں عوام کے حقِ حاکمیت اور خواتین کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے،اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے، جمہوری اداروں کو بااختیار و طاقتور بنانے کے لیے جدوجہد کریں ،عہد کریں کہ ملک کو فلاحی اور مضبوط جمہوری ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے،پیپلز پارٹی قائدِ عوام کے دیئے ہوئے 1973ع کے آئین پر ہونے والے ہر حملے کو ناکام بناتی رہی گی۔
یہ دستور 23 کروڑ پاکستانیوں کے شہری حقوق اور آزادیوں کی ضمانت اور قومی ہم آہنگی و اتحاد کی بنیاد ہے،پی پی پی چیئرمین کا شہید ذوالفقار علی بھٹو، بیگم نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو ان کی عظیم جدوجہد اور لازوال قربانیوں پر خراج عقیدت،بلاول بھٹو زرداری کا 55 سالوں پر محیط جدوجہد کے دوران جانیں قربان کرنے والے جیالوں کو بھی خراج عقیدت،پی پی پی چیئرمین کا جمہوریت کی خاطر جلاوطنی اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے پارٹی رہنماوَں و کارکنان کو سلام کیا ۔
سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم پارٹی کے ان ھیروز کو خراج عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے اپنے نظریہ پر ثابت قدم رہتے ہوئے شہادت پائی اور جنہوں نے اپنی زندگی پارٹی کے لیئے وقف کردی ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی نے تین آمروں کو شکست دیکر جمہوریت کو فتحیاب کیا۔عوام کے جان کیسے قربان کی جاتی ہے یہ حوصلہ صرف پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کی ورثہ ہے۔
کوئی شک نہیں کہ پیپلزپارٹی کے کارکن بھی بے مثال ہیں۔ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید بھی جھک کر جی سکتا تھا مگر وہ تاریخ کے ہاتھوں مرنا پسند نہیں کرتے تھے وہ تختہ دار بھی بڑے شان سے گئے اور تاریخ ساز بن گئے۔سرخ سلام ہے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو جس نے ملک اور قوم کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کردیا مگر کبھی اف تک نہیں کی۔
محترمہ بینظیر شہید نے ایک لڑکی ہوتے ہوئے اقتدار پر قابض ایک وحشی اور سفاک ٹولے کی مزاحمت کی وہ نہتی اور خالی ہاتھ تھی مگر ان کی،جمہوری جدوجہد نے طاقتور آمروں کے بت پاش پاش کردیئے۔آج گڑھی خدا بخش بھٹو کا قبرستان شہیدوں سے آباد ہے مگر ان کے قاتلوں کا کوئی نام نشان نہیں ہے۔دنیا کو آج بھی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید یاد ہے مگر انہیں سیاسی منظر ہٹانے کی کوشش کرنے والوں کو کوئی نہیں جانتا۔
ہم قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو کے سیاسی پیروکار ہیں۔ہم میں اور ہمارے مخالفین میں ایک فرق ہے ہم جمہوریت کو مقدم سمجھتے ہیں اور ہمارا ہر فیصلہ جمہوریت کی بقا کیلئے ہوتا ہے۔ ہمیں پختہ یقین ہے کہ سیاسی جنت عوام کے قدموں میں ہے،محترمہ بینظیر بھٹو شہید کہتی تھیں کہ میرا دل اس وقت دکھی ہوتا جب میں اپنے ملک کے بچوں کو گندگی کے ڈھیر سے ڈھیر سے رزق تلاش کرتے ہوئے دیکھتی ہوں میں شہید بی بی کی اس فکر مندی کبھی بھی
بھول نہیں سکتا۔
آنے والا وقت میرے وطن کے ان بچوں کے بہترین مستقبل کا ہے پاکستان پیپلزپارٹی کے نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنی عظیم والدہ کے خواب کی تکمیل کریں گے جو ان کا منشور ہے۔نوجوان پیپلزپارٹی کے نوجوان چیئرمین کے کافلہ میں شریک ہو کر ان کے ہاتھ مضبوط کریں اور ان کے کافلے میں شامل ہو جائیں۔ آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ قائد عوام بھٹو شہید کے فلسفے پر عمل کرتے ہوئے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے ہر خواب کو حقیقت بنائیں گے۔ہم پاکستان کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا پاکستان بنائیں۔
جہاں خواتین کو ہر شعبہ میں نمائندگی ہوگی انہیں معاشرے میں باوقار ماحول فراہم کیا جائے گا۔نوجوانوں کو روزگار اور انہیں ترقی کی منزلیں طے کرنے کے موقع فراہم کرینگے اور ملک حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست ہوگی۔ہم مزدوروں اور محنت کشوں کی ملازمتوں اور ان سے انصاف کو یقینی بنائیں گے۔کسانوں کو ان کی محنت کا پھل ملے گا، پاکستان ذراعت میں خود کفیل ہوگا، تمام ملکی امور کا فیصلہ عوام کی منتخب پارلیمنٹ کریگی اور انشاءاللہ جمہوریت مضبوط ہو گی۔