روس کی جانب سے امریکا کیساتھ جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول پر بات چیت منسوخ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) روس نے امریکا کے ساتھ جوہری ہتھیار کنٹرول معاہدے پر شروع ہونے والی بات چیت منسوخ کر دی۔
روس کا کہنا ہے کہ امریکا کا زہریلا رویہ جوہری بات چیت منسوخی کا سبب بنا، امریکا کی جانب سے ہر سطح پر روس کے ساتھ دشمنی کا رویہ دیکھا گیا، توقع ہے کہ امریکا 2023ء میں نئی ملاقات کے لیے حالات سازگار بنائے گا۔
جوہری مذاکرات معطلی پر روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ واضح تھا کہ امریکی وفد ہتھیاروں کے معائنے کے لیے دباؤ ڈالنے آ رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی وفد کی آمد کا مقصد روسی تحفظات پر بات کرنا نہیں تھا، دو طرفہ تعلقات کی سنگین صورتحال کے باعث امریکا سے جوہری مذاکرات منسوخ کیے۔
انہوں نے کہا کہ روس ہتھیاروں کی دوڑ روکنے کے نئے معاہدے کے لیے پُرعزم ہے۔
واضح رہے کہ امریکا روس جوہری مذاکرات آج سے 6 دسمبر تک مصر میں ہونے تھے، اس سے پہلے مذاکرات کورونا کی وجہ سے مارچ 2020ء میں معطل کر دیے گئے تھے۔