اقوام متحدہ کا جاپان کے ساتھ مل کر پاکستان کے لیے بڑا ترقیاتی منصوبہ

Nov 30, 2022 | 20:09:PM

(24نیوز)اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) اور جاپان؛ خیبر پختنخواہ کے ضم شدہ اضلاع کے لیے ایک مشترکہ ترقیاتی منصوبہ شروع کر رہے ہیں ۔

اس مقصد کے لیے 3.9 ملین امریکی ڈالر کاایک معاہدہ طے پایا ہے جس پر فریقین نے دستخط کیے ہیں۔معاہدے پر دستخط جاپان کے سفیر متسوہیرو واڈا اور یو این ڈی پی پاکستان کے نمائندے اوسٹب کناٹ نے کیے ۔معاہدے پر دستخط کی تقریب میں جاپانی سفارتخانے،اقتصادی امور ڈویڑن، خیبرپختونخوا کے محکمہ منصوبہ بندی اور ترقی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اس منصوبے کے تحت خیبر پختنخواہ کے ضم شدہ علاقوں کرم اور اورکزئی ایجنسی کی کمیونٹیز میں کام ہو گا۔

منصوبے کا مقصد سماجی ہم آہنگی، مقامی طرز حکمرانی اور استحکام اور معاشی بحالی کے لیے ذریعہ معاشی ترقی کے مواقع پیدا کرنا ہے ۔حکومت جاپان کی مالی مدد کے ساتھ دو سالہ پراجیکٹ دو لاکھ سے زیادہ افراد کی مدد کرے گا، اس منصوبے کے تحت نوجوانوں اور خواتین پر توجہ دی جائے گی۔اس منصوبے کے تحت سماجی ہم آہنگی اور اعتماد سازی کے لیے پالیسی مکالموں اور ثقافتی پروگراموں میں نوجوانوں کو شامل کیا جائے گا۔ ڈیجیٹل ہنر، انکیوبیشن اور ہنر کی تربیت کے ذریعے 1300 نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ 

کمیونٹی تنظیمیں منصوبہ بندی کے عمل میں شامل ہوں گی اور 50 کمیونٹیز فزیکل انفراسٹرکچر اسکیموں کی بحالی پر کام کریں گی۔ لوکل گورننس کو مضبوط کرنے کے لیے ویلج کونسلز کے لیے پینتیس دفاتر تعمیر کیے جائیں گے۔ کاروباری خواتین کو جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے دو مشترکہ سہولت مراکز کو فعال کیا جائے گا۔اس منصوبے کا مقصد کمیونٹیز اور مقامی حکومت کے درمیان اعتماد پیدا کرنا اور پائیدار معاشی ترقی کے عمل کو فروغ دینا ہے۔یہ منصوبہ خیبرپختونخوا حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے سے ہم آہنگ اور اس کے معاشی اہداف سے مطابقت رکھتا ہے۔

جاپانی سفیر  متسوہیرو واڈا کا کہنا تھا کہ جاپان اوریو این ڈی پی کے درمیان دیرینہ شراکت داری ہے، یہ منصوبہ نہ صرف بحالی اور آمدنی میں اضافے میں مدد دے گا بلکہ سماجی ہم آہنگی اور مقامی طرز حکمرانی کو بھی فروغ دے گا ۔پاکستان میں پائیدار اور جامع ترقی کے حصول کے لیے یو این ڈی پی کی انتھک محنت اور لگن کو سراہتا ہوں۔ 

 یو این ڈی پی پاکستان کے نمائندے اوسٹب کناٹ کا کہنا تھا کہ ہم یواین ڈی پی کے ساتھ دیرینہ شراکت داری پر حکومت جاپان کے شکر گزار ہیں۔جاپان کے فراخدلانہ تعاون سے، ہم حکومت پاکستان کی کوششوں کو وسعت دینے اور مضبوط کرنے میں کامیاب ہوئے۔یہ کوششیںضم شدہ اضلاع میں استحکام اور پائیدار ترقی کے حصول اور اسے ملک کے دیگر حصوں کے برابر لانے کے لیے اہم ہیں۔گزشتہ پانچ سالوں میں، حکومت جاپان نے مختلف منصوبوں میں یو این ڈی پی کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں 24 ملین امریکی ڈالر حصہ ڈالا ہے۔اس پروگرام میں سماجی ہم آہنگی، معاشی ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ موافقت، انتخابی اور قانون سازی کے منصوبے شامل ہیں۔ 

مزیدخبریں