کراچی: ظالم شوہر نے بیوی سمیت 3 بیٹوں کے گلے کاٹ دیئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ظالم شوہر نے بیوی سمیت 3 کم سن بیٹوں کا تیز دھار آلے سے گلے کاٹ دیئے، پولیس نے مقتولہ کے شوہر کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر کے علاقے بلاک 5 بتول ہسپتال کے قریب شیر محمد بلوچ گوٹھ میں گھر سے خاتون اور 3 بچوں کی گلا کٹی لاشیں ملیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی اداروں کے رضاکار موقع پر پہنچے۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 35 سالہ صائمہ زوجہ ارشد علی بلوچ اور اس کے 3 بیٹے 9 سالہ اشہد ، 7 سالہ شاہ زین اور 2 سالہ احد کے ناموں سے کی گئی ۔ مقتولین کے لاشیں پہلے گلستان جوہر تھانے پھر وہاں سے جناح ہسپتال منتقل کی گئیں ۔
ایس ایچ او گلستان جوہر انسپکٹر فہد الحسن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ مددگار 15 پر واقعے کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس پر وہ پولیس پارٹی کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور دیکھا کہ ایک کمرے میں چاروں لاشیں پڑی ہوئی تھیں ۔ مقتولین کو ملزم نے انتہائی بے دردی کے ساتھ تیز دھار آلے سے ذبح کیا تھا ۔ گھر کے صحن میں بھی خون پڑا تھا جہاں ایک بچے کی انگلی کا بھی کچھ حصہ پڑا تھا ۔
انہوں نے بتایا کہ فوری طور پر فرانزک ڈیپارٹمنٹ کو اطلاع کی گئی، جنہوں نے جائے وقوع سے شواہد اور فنگر پرنٹس اکھٹے کیے جبکہ گلستان جوہر تھانے کے شعبہ تفتیش کے افسران نے بھی جائے وقوع سے شواہد جمع اور علاقہ مکینوں کا بیان قلمبند کیا ۔
مزید پڑھیں: نگران وفاقی کابینہ نے سائفر کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے کی منظوری دیدی
پولیس کے مطابق مقتولہ صائمہ کے شوہر ارشد علی بلوچ نے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ ایرانی ( سنجرانی بلوچ ) قوم سے تعلق رکھتا ہے اور واقعے کے وقت گھر پر موجود نہیں تھا، تاہم گھر پہنچتے ہی اس کے پیروں سے زمین کھسک گئی جب اس نے اپنی اہلیہ اور تینوں بیٹوں کی خون میں لت پت لاشیں دیکھیں۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ ارشد علی بلوچ نشے کا عادی ہے اور جب اسے حراست میں لیا گیا اس وقت بھی نشے میں دھت تھا ۔ اس کا بیان مشکوک تھا جس کے باعث پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔ ارشد علی نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا تھا کہ وہ شام کو ڈالمیا اپنے ماموں کے گھر گیا تھا جبکہ تصدیق کرنے پر یہ بیان جھوٹ نکلا۔ اس کے علاوہ بھی اس کے دیے گئے بیانات جھوٹے نکلے۔
پولیس کی جانب سے واقعہ کا مقدمہ مقتولہ کے والد محمد اسلم بلوچ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ خاتون کے والد نے بیٹی کے قتل کا الزام داماد پر لگایا ہے ۔ پولیس نے مقتولہ کے شوہر راشد کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون اور بچوں کا قتل کس سے کیا گیا ابھی تک الہ قتل برآمد نہیں ہوسکا۔ کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرکے گھر کو سیل کردیا ہے۔