قائدِ عوام اورانکی لازوال میراث کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،بلاول بھٹوزرداری

پاکستان کی سیاسی تاریخ تشکیل دینے میں پیپلز پارٹی کا کردار کلیدی رہا ہے،یوم تاسیس پر پیغام

Nov 30, 2024 | 13:42:PM

(24نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے یومِ تاسیس پر کارکنان، سپورٹرز اور عوام کو یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ دن جمہوریت، سماجی انصاف اور عوام کو بااختیاربنانے کے اصولوں سےپارٹی کی 57 سالوں پرمحیط غیر متزلزل وابستگی کا مظہر ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہاکہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور ان کی لازوال میراث کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،قائدِ عوام نے مساوات، انسانی حقوق اور معاشی خوشحالی کے اصولوں پر مبنی ایک مساوی معاشرہ کے قیام کے لیے پارٹی بنائی،شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،بی بی شہید نے جمہوریت کے لیے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا،انہوں نے اپنی انتھک جدوجہد سے لاکھوں افراد کو متاثر کیا۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان کی سیاسی تاریخ تشکیل دینے میں پیپلز پارٹی کا کردار کلیدی رہا ہے،شہید بھٹو کی دوراندیش قیادت میں پارٹی نے قوم کو پہلا جمہوری آئین دیا،1973ء کا آئین تمام شہریوں کے مساوی حقوق اور نمائندگی کو یقینی بناتا ہے،قائد عوام نے جوہری پروگرام کا آغاز کیا جو ملک کی دفاعی صلاحیتوں کا سنگ بنیاد بنا،پیپلزپارٹی نےزرعی زمین کی تقسیم،مزدوروں کے حقوق اور تعلیم میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائیں۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی متعارف کردہ اصلاحات سماجی ترقی کی بنیاد بنیں،بی بی شہید نے مسلم اکثریتی ملک کی پہلی خاتون وزیرِاعظم بن کر جمہوریت کو مضبوط کیا،بی بی شہید نے خواتین کو بااختیار بنایا، سماجی فلاح و بہبود کو فروغ دیا،شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک میں میزائل ٹیکنالوجی کی ترقی میں بھی قیادت فراہم کی۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ صدر آصف علی زرداری کے پہلے دورِ میں حکومت نے مساوات کے اصولوں سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا عملی مظاہرہ کیا،تاریخی 18ویں ترمیم کے ذریعے صوبائی خودمختاری کو مضبوط بنایاگیا، بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا گیا جو لاکھوں مستحق شہریوں کی زندگیوں کو بہتر بنا چکا،پیپلزپارٹی ہمیشہ محروم طبقوں کی آواز،مزدوروں اور کسانوں کے حقوق کی محافظ رہی ہے،پیپلزپارٹی خواتین اور اقلیتوں کو بااختیار اور مضبوط بنانے کی حامی رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیپلز پارٹی کا57 واں یوم تاسیس،شہرشہر تقریبات

 بلاول بھٹو زرداری نے مزیدکہاکہ اپنے قیام سے لے کر آج تک پیپلز پارٹی ایک پرامن، ترقی پسند اور خوشحال پاکستان کی جدوجہد میں ثابت قدم رہی ہے،پیپلز پارٹی کے کارکنان کی ثابت قدمی اور وفاداری ہمیشہ بے مثال رہی ہے،پارٹی کی طاقت اور کامیابی کی بنیاد جیالے ہیں،آج پارٹی کے بنیادی اصولوں سے وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے ظلم،ناانصافی اور عدم مساوات کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں،آج اِس تاریخی دن کے موقع پر آئیے پارٹی کے اصولوں کو برقرار رکھنے کا عہد کریں،آئِیے ہم آج عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپورمحنت کرنے کا عہد کریں،عہد کریں کہ ہم مل کر ایک جمہوری اور جامع پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے،کارکنان یومِ تاسیس کو جوش و خروش اور یکجہتی کے ساتھ منائیں،آئِیے ان عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں جو جمہوریت اور آزادی کی جدوجہد کے لیے دی گئیں۔

 

مزیدخبریں