وزیر اعلیٰ مریم نواز پی ٹی آئی ورکرز کے تشدد سے زخمی اہلکاروں کی عیادت کیلئے پہنچ گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران پرتشدد کارروائیوں میں زخمی اہلکاروں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے سی ایم ایچ راولپنڈی پہنچ گئیں۔
وزیرا علیٰ مریم نواز شریف نے سی ایم ایچ میں زیر علاج رینجرز اور پولیس کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف فرداً فرداً ہر زخمی اہلکار کے پاس خود گئیں اورخیریت دریافت کی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے زخمی سکیورٹی اہلکاروں کے بلند حوصلوں اور فرض شناسی کو سراہا۔زیر علاج زخمی اہلکاروں نے وزیراعلی مریم نوازشریف کو احتجاج کے دوران پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں پر بے رحمانہ تشدد کے بارے میں بتایا ۔زخمی اہلکاروں کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ورکرز نے پولیس پر نزدیک سے نشانہ لیکر فائرنگ کی۔ مظاہرین نے کیل والے ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ مظاہرین کے تشدد سے بیشتر پولیس اہلکاروں کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں بعض کی آنکھیں متاثر ہوئیں۔ مظاہرین کے بے رحمانہ تشدد سے ایک اہلکار کی کھوپڑی بھی بری طرح متاثر ہوئی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے زخمی اہلکاروں کو تسلی دی اور حوصلہ بڑھایا۔زخمی اہلکاروں نے عزم کا اظہار کیاکہ آپ کا دست شفقت رہا تو جلد صحت یاب ہو کر واپس آئینگے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ رینجرز اور پولیس اہلکار قوم کی بیٹے ہیں، ہمیں ان پر فخر ہے۔ سیکورٹی اہلکاروں پر بے رحمانہ تشدد کرنے والے مظاہرین کو نہیں چھوڑیں گے۔شرپسند جماعت پی ٹی آئی نے ملک کی ترقی روکنے کیلئے انتشار کا راستہ اپنایا۔انہوں نے کہاکہ ریاستی اداروں، املاک اور سکیورٹی اہلکاروں پرحملے قابل مذمت ہیں۔پاک فوج اور سکیورٹی اداروں کے اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ملک کا امن بحال کر رہے ہیں۔شرپسند سیاسی جماعت کو جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں پر حملے کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے تھی۔
وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ وفاقی اور پنجاب حکومت زخمی سکیورٹی اہلکاروں کی مقروض ہے۔ہم زخمی سکیورٹی اہلکاروں اور ان کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔سکیورٹی اہلکاروں کو زخمی کرنے والے پی ٹی آئی کے شرپسندوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے-ان شرپسندوں کو کڑی سے کڑی سزا دلوائیں گے جو مثال بنے گی۔