اعظم سواتی نے آرمی چیف پر تنقید کی تو کون سی قیامت آگئی ؟عمران خان 

Oct 30, 2022 | 17:37:PM

(24 نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اعظم سواتی نے آرمی چیف پر تنقید کی تو کون سی قیامت آگئی تھی؟اعظم سواتی پر ایسے تشدد کیا گیا جیسے کوئی دہشتگرد ہو،ملک کی اسٹیبلشمنٹ قوم کےساتھ کھڑی ہوتی ہے ہماری اسٹیبلشمنٹ نے چوروں کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا، ہم پر چوروں اور ڈاکوؤں کو مسلط کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ تیسرے روز مریدکے سے شروع ہوکر گوجرنوالہ کی جانب گامزن ہے، کنٹینر پر عمران خان کے ساتھ شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، فواد چوہدری، حماد اظہر و دیگر رہنما بھی موجود ہیں۔ مارچ مریدکے سے شروع ہوکر سادھوکی، کامونکی موڑ، ایمن آباد، چن دا قلعہ، سپر ایشیا مال آف گوجرانوالہ، شیرانوالہ باغ، گوجرانوالہ چوک اور پنڈی بائی پاس کے راستوں پر گامزن رہے گا۔
 مریدکے استقبالیہ کیمپ پارٹی کی جانب سے دکئے گئے وقت پر خالی نظر آیا اور لانگ مارچ کا مرکزی کنٹینر جی ٹی روڈ پر تن تنہا موجود نظر آیا جس پر چڑھ کر چند شہری تصویریں بناتے رہے۔ حسب روایت لانگ مارچ کے تیسرے روز بھی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان مارچ شروع کرنے کے مقام پر تاخیر سے پہنچے۔
 مریدکے استقبالیہ کیمپ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نا امریکا نا کسی اور سے، مدد مانگتا ہوں صرف اللہ سے۔ عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف نے بیان دیا کہ میں نے آپ کو آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق پیغام پہنچایا۔ شہباز شریف سن لو میں بوٹ پالش کرنے والوں سے بات نہیں کرتا۔ میں نے ان سے بات کی جن سے تم گاڑی کی ڈگی میں چھپ کر ملنے جاتے تھے۔
 عمران خان نے مزید کہا کہ وہ کسی ڈکٹیٹر کی نرسری میں نہیں پلے، نا کسی ڈکٹیٹر کو ڈیڈی کہا اور نا ہی نواز شریف کی طرح جنرل جیلانی اور ضیا الحق کے گوڈے گھٹنے دبا کر اقتدار میں آئے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ وہ عوامی طاقت سے اقتدار میں آئے تھے۔ آج ملک کے بڑے بڑے ڈاکوئوں کو ہم پر مسلط کیا گیا جن کو عوام نہیں مانتی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک میں صرف قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، ان کا اس کے سوا کوئی مطالبہ نہیں۔
سادھوکی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اعظم سواتی نے آرمی چیف پر تنقید کی تو کون سی قیامت آگئی تھی؟اعظم سواتی پر ایسے تشدد کیا گیا جیسے کوئی دہشتگرد ہو،ملک کی اسٹیبلشمنٹ قوم کےساتھ کھڑی ہوتی ہے ہماری اسٹیبلشمنٹ نے چوروں کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا، ہم پر چوروں اور ڈاکوؤں کو مسلط کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے ایک اور سینئر صحافی نے ملک چھوڑ دیا

مزیدخبریں