(ویب ڈیسک) نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ یکم نومبر کے بعد غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف جامع آپریشن کیا جائے گا۔
نگراں وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ ملک میں مقیم غیر قانونی غیر ملکیوں کو نکالنے کے لئے یکم نومبر کے بعد ایک گرینڈ آپریشن کیا جائے گا، غیر قانونی مقیم تارکین وطن کو 31 اکتوبر تک پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈ لائن دی گئی جو کسی صورت بھی آگے نہیں بڑھے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ’’میثاق معیشت ناگزیر ہے‘‘
ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان میں مقیم غیرقانونی غیر ملکیوں کے پاس واپس رضاکارانہ طور پر اپنے ملک واپس جانے کے لئے ابھی آج اور کل کی مہلت باقی ہے، دی گئی تاریخ یکم نومبر کے بعد ان کے انخلاء کے لئے گرینڈ آپریشن کیا جائے گا، غیر ملکیوں کے انخلاء کے لئے 2 سے 3 ماہ لگ سکتے ہیں، اب تک 15 سے 20 ہزار غیر ملکی پناہ گزین رضاکارانہ طور پر پاکستان چھوڑ کر جا چکے ہیں۔
دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر میپنگ اور جیوفینسنگ کے ذریعے مشکوک افراد کی نشاندہی کر لی ہے، یکم نومبر سے غیرقانونی تارکین وطن کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں بھی ضبط کر لی جائیں گی۔