اگر مگر کا کھیل شروع، کیا پاکستان کی ابھی سیمی فائنل تک رسائی ممکن ہے؟

Oct 30, 2023 | 15:04:PM

(ویب ڈیسک) ورلڈ کپ میں پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کےلئے اگر مگر کا کھیل شروع ہو گیا، ایسی صورتحال میں پاکستان کا سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرنا کیسے ممکن ہے۔

ورلڈکپ میں شاہینوں کی مسلسل شکست نے سیمی فائنل کی راہیں مشکل سے مشکل کر دیں،گزشتہ ہفتے جمعہ کے روز قومی ٹیم کو جنوبی افریقہ سے شکست ہوئی جو کہ شاہینوں کی اس ورلڈ کپ میں مسلسل چوتھی شکست تھی، ایسا ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ قومی ٹیم کو ورلڈ کپ میں مسلسل چوتھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

قومی ٹیم کو اس وقت سیمی فائنل تک پہنچنے کے لئے اپنے باقی تینوں میچوں میں کامیابی تو حاصل کرنی ہی ہو گی لیکن اس کے ساتھ ساتھ دیگر ٹیموں کی کارگردگی اور میچز پر بھی انحصار کرنا ہو گا جن میں ایک دو نہیں بلکہ متعدد ٹیمیں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارگردگی، سرفراز کی کپتانی کے حق میں آواز بلند ہو گئی

اس وقت پاکستانی ٹیم 6 میچ کھیل کر 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چھٹی پوزیشن ہے جبکہ سری لنکا 5 میچ کھیل کر 4 پوائنٹس حاصل کر کے بہتر نیٹ رن ریٹ کے ساتھ 5 ویں پوزیشن پر ہے، آج کھیلا جانے والا افغانستان کے خلاف سری لنکا کا میچ پوائنٹس ٹیبل کے اعتبار سے بہت ہی زیادہ اہمیت کا حامل ہو چکا ہے کیونکہ افغانستان کے بھی 5 میچوں کے بعد 4 پوائنٹ ہیں اور پوائنٹس ٹیبل پر 7 ویں پوزیشن پر براجمان ہے۔

جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش جیسی ٹیموں کو ہرانے والی نیدرلینڈز کی ٹیم کے بھی 4 پوائنٹس ہیں اور انہوں نے بھی 6 میچ کھیل لئے ہیں، آسٹریلیا سے 309 رنز کی بھاری شکست کے بعد ان کا نیٹ رن ریٹ کافی متاثر ہوا ہے، اب ان سے پاکستانی ٹیم کو خطرہ نہیں ہے۔

اگر بات کی جائے پاکستانی ٹیم کی تو ان کا اگلہ میچ صبح (منگل) کلکتہ میں بنگلہ دیش کے خلاف ہے، 4 نومبر کو نیوزی لینڈ جبکہ آخری میچ 10 نومبر کو دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے خلاف ہے۔

اب پاکستانی ٹیم صرف اسی صورت میں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر سکتی ہے جب یہ اپنے تینوں میچ اچھے مارجن سے جیتے ، نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے بقیہ تینوں میچز ہارے جو کہ پاکستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف ہیں، اس کے علاوہ سری لنکا آج کے میچ میں افغانستان سے شکست کھائے اور افغانستان اپنے اگلے میچز ہارے اور سری لنکا نیوزی لینڈ کو ہرائے۔

مزیدخبریں