پاکستان فلم نگری کے لیجنڈری ڈائریکٹر حسن عسکری انتقال کرگئے

Oct 30, 2023 | 21:22:PM

(زین مدنی) پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئرڈائریکٹر حسن عسکری شیخ زید ہسپتال میں انتقال کرگئے۔ مرحوم پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے۔ طبیعت بگڑنے پر آئی سی یو میں منتقل کیا گیا مگر جانبر نہ ہوسکے۔

خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل آغا حسن عسکری میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ چند دن قبل ان کی طبعیت خراب ہوئی تو ان کےشوکت خانم ہسپتال سے ٹیسٹ کرائے گئے تھے، ان کی رپورٹس سے یہ پتہ چلا کہ ان کو پھیپھڑوں کا کینسر لاحق ہو چکا ہے۔

حسن عسکری کا شمار پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈری ہدایت کاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے بے شمار سپرہٹ فلمیں تخلیق کیں۔ 1975ء میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’وحشی جٹ‘ نے جہاں ریکارڈ ساز کامیابی حاصل کی وہیں، اس فلم نے پاکستانی فلم انڈسٹری کی نئی راہ بھی متعین کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے: سلطان راہی کو لالی وڈ کا ’راہی‘ بنانے والے آغا حسن عسکری شدید علیل

حسن عسکری کی اہم فلموں میں تیرے پیار میں، عبد اللہ دی گریٹ، جنت کی تلاش، دل کسی کا دوست نہیں، اچھا شوکر والا، شیر دل، میلہ، دوریاں، تلاش، اک دوجے کیلئے، طوفان، جٹ دا کھڑاک، ہیرا اور خون پسینہ شامل ہیں۔

کچھ دن قبل ہی پاکستان کے مایہ ناز لکھاری ناصر ادیب ، اپنے دیرینہ ساتھی حسن عسکری کی عیادت کیلئے ان کے گھر پہنچے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر حسن عسکری کیساتھ اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے پاؤں چومے تھے۔ ناصر ادیب نے مطالبہ کیا تھا کہ حسن عسکری کا حکومتی سطح پر علاج معالجہ ہونا چاہیئے۔

دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے معروف فلم ڈائریکٹر اور لکھاری حسن عسکری کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے بھی پاکستان فلم انڈسٹری کے اس بڑے نقصان پر اظہار تعزیت کیا۔

اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حسن عسکری کی فلم انڈسٹری کیلئے خدمات پر انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پُر نہ کیا جا سکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرائڈ آف پرفارمنس اور نیشنل  ایوارڈ یافتہ حسن عسکری اپنے منفرد انداز کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں منفرد مقام رکھتے تھے اور فلم انڈسٹری کے لیے حسن عسکری کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

مزیدخبریں