فردوس جمال کی اہلیہ نے شادی کے 35 سال بعد خلع لے لیا,بیٹے کی تصدیق

والدہ صرف اس امید میں اتنے سال پیچیدہ رشتے میں رہیں کہ سب ٹھیک ہو جائے گا لیکن کچھ بہتر نہ ہوا

Oct 30, 2024 | 14:01:PM
فردوس جمال کی اہلیہ نے شادی کے 35 سال بعد خلع لے لیا,بیٹے کی تصدیق
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) سینئر اداکار فردوس جمال کی اہلیہ نے شادی کے 35 سال بعد ان سے خلع لے لیا،اس کی تصدیق ان کے بیٹے نے کردی ہے۔

اس بات کا انکشاف فردوس جمال کے بیٹے حمزہ فردوس نے اپنے والد کے کینسر کے بعد فیملی کو چھوڑ دینے کے بارے میں دیئے گئے ایک حالیہ انٹرویو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

حمزہ فردوس نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ مجھے یہ ویڈیو بناتے ہوئے بہت دکھ ہو رہا ہے اور کاش کہ یہ ویڈیو مجھے نہ بنانی پڑتی کیونکہ ہر بیٹے کی کوشش ہوتی ہے کہ گھر کی بات باہر نہ نکلے لیکن جب انسان کو ان گناہوں کی سزا ملنے لگے جو اس نے کیے ہی نہ ہوں تو بات کرنی پڑتی ہے۔

حمزہ فردوس نے کہا کہ سب سے پہلے تو میں اپنی والدہ کی جانب سے سب لوگوں کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ انہوں نے میرے والد سے خلع لی ہوئی ہے، کوئی بھی عورت شادی کے 35 سال بعد خلع لینا نہیں چاہتی اور میری والدہ صرف اس امید میں اتنے سال تک میرے والد کے ساتھ پیچیدہ رشتے میں رہیں کہ ایک دن سب ٹھیک ہو جائے گا لیکن کچھ بھی بہتر نہیں ہوا۔

حمزہ فردوس نے کہا کہ والد کی بہت سی بری عادتیں تھیں جو ہماری فیملی کے لیے تکلیف دہ تھیں اور ہم نے اس بارے میں اپنے والد کے بھائیوں سے بھی بات کی ،پھر بھی والد نے اپنی غلطیوں کو تسلیم نہیں کیا بلکہ اپنے بچوں اور بیوی کے خلاف چلے گئے۔

اُنہوں نے فردوس جمال کے کینسر کے علاج کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جب والد کو کینسر ہوا تو یہ ہمارے لیے بہت تکلیف دہ وقت تھا اور ہم نے ان کا مکمل علاج کروایا،مجھے اس بات کا تذکرہ نہیں کرنا چاہیے کیونکہ والد اگر بیمار ہوں تو علاج کروانا بیٹوں کا فرض تھا لیکن چونکہ والد کے انٹرویوز کی ویڈیوز میں یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ جیسے بچوں نے والد کے علاج کے لیے کچھ نہیں کیا صرف اس لیے مجھے اس کی تفصیلات بتانی پڑ رہی ہیں۔

حمزہ فردوس نے مزید بتایا کہ ایک بیٹے نے والد کے علاج کے لیے پیسے بھیجے اور دوسرے نے ہسپتال میں ان کی دیکھ بھال کی  جبکہ بیٹی نے بیماری میں انہیں دوائیں تک اپنے ہاتھ سے کھلائیں،میرے بھائی بازل کو والد کے علاج کے دوران ڈاکٹر نے والد کے جسم پر ہونے والا زخم دکھایا تو وہ والد کا زخم دیکھ کر بے ہوش ہو گیا تھا کیونکہ اس میں والد کو ایسی حالت میں دیکھنے کی ہمت نہیں تھی،اتنے حساس بچے بھلا اپنے والد کو بیماری کی حالت میں اکیلا کیسے چھوڑ سکتے ہیں۔

 واضح رہے کہ چند روز قبل فردوس جمال نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران کینسر میں مبتلا ہونے کے بعد اکیلے رہنے کے بارے میں کہا تھا کہ میں نے ساری زندگی بہت شور اور ہنگاموں میں گزاری ہے اب میں سکون میں رہنا چاہتا ہوں، بس اسی لیے اکیلا رہتا ہوں۔

فردوس جمال نے اپنے ایک انٹرویو میں اپنی شادی کو زندگی کا سب سے بڑا پچھتاوا قرار دیتے ہوئے کہاتھا کہ میری شادی غلط لوگوں اور غلط وقت پر ہوئی۔