(24 نیوز)لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملے کے معاملے پر وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا بیان سامنے آگیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں چیف جسٹس (ر) قاضی فائز عیسیٰ اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ حملہ آوروں کی شہریت منسوخ کرنے کےلیے فوری کارروائی کی جائے گی۔
وزیرداخلہ نے نادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ فوٹیجز کی مدد سے لندن میں چیف جسٹس (ر) قاضی فائز عیسیٰ اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملہ کرنے والوں کی نشاندہی کی جائے اور حملہ آوروں کے خلاف پاکستان میں ایف آئی آر درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملہ، ویڈیو وائرل
محسن نقوی کا کہنا تھا حملہ آوروں کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کیے جائیں گے اور ان کی شہریت منسوخ کرنے کے لیے فوری کارروائی کی جائے گی، شہریت منسوخی کا کیس منظوری کے لیے کابینہ کو بھیجا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کی کار پر بھی حملہ ہوا ہے، اس واقعے پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے، کسی کو بھی اس طرح کے حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کو دھمکیوں کا سامنا تھا تو سکیورٹی کیوں فراہم نہیں کی گئی۔