سموگ کی بگڑتی صورتحال، لاہور میں گرین لاک ڈاؤن نافذ

Oct 30, 2024 | 18:24:PM
سموگ کی بگڑتی صورتحال، لاہور میں گرین لاک ڈاؤن نافذ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عرفان ملک، راؤ دلشاد) سموگ کے باعث بگڑتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پنجاب حکومت نے لاہور کے بعض علاقوں کو حساس قرار دیتے ہوئے گرین لاک ڈاؤن نافذ کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہور کے سموگ زدہ علاقوں کو مرحلہ وار آلودگی سے پاک کرنے کے مشن پر عملدرآمد شروع ہو گیا، پہلے مرحلے میں شملہ پہاڑی اور اس کے گردونواح میں اقدامات شروع کیے گئے، شملہ پہاڑی کی ایک کلومیٹر حدود کو گرین رنگ کے نام سے منسوب کردیا گیا، سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر، سیکرٹری ماحولیات راجہ جہانگیر انور نے گرین رنگ شملہ پہاڑی کا وزٹ کیا، اس موقع پر ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ، لی پارکنگ کمپنی و دیگر ٹریفک افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

پنجاب حکومت نے گرین لاک ڈائون کے تحت شہر کے مختلف علاقوں کو ماحولیاتی آلودگی کے لئے خطرناک قرار دے دیا، شملہ پہاڑی گرین رنگ کے ایک کلومیٹر کے ریڈیس میں ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی، گرین رنگ شملہ پہاڑی کے گردونواح میں چنگ چی رکشوں پر فوری پابند عائد کر دی گئی، ڈیوس روڈ ، ایجرٹن روڈ، ٹھنڈی سڑک اور کشمیر روڈ اور ملحقہ علاقے شامل ہیں، شملہ پہاڑی سے لے کر گلستان سینما تک کا علاقہ حساس قرار دے دیا گیا، شملہ پہاڑی سے ریلوے ہیڈکوارٹر تک ایمپریس روڈ کا علاقہ بھی حساس قرار دے دیا گیا۔

ٹھنڈی سڑک سے علامہ اقبال روڈ تک کا علاقہ بھی ماحولیاتی آلودگی کے لئے حساس قرار دیا گیا، متعلقہ علاقوں میں ہر قسم کی تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی ہو گی، چنگ چی رکشوں، کمرشل جنریٹر پر بھی پابندی عائد کر دی گئی، باربی کیو پوائنٹس رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے،  مارکی اور شادی ہال رات 10 بجے بند ہوں گے۔

ایبٹ روڈ، ایجرٹن روڈ، ایمپریس روڈ،ڈیورنڈ روڈ اور ڈیوس روڈ سے ہرقسم کی دھواں چھوڑنے والی کمرشل گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا، نادرا آفس کے باہر پارکنگ کو ختم کرواتے ہوئے بی بی پاکدامن روڈ پر منتقل کردیا گیا، شاہین کمپلیکس کے باہر پارکنگ اب کشمیر روڈ پر ہوگی، گڑھی شاہو چوک، پولیس لائنز، منٹگمری روڈ اور ڈیوس چوک سے کوئی بھی رکشہ شملہ پہاڑی کیطرف نہیں آئے گا۔

تجاوزات اور غیر قانونی و رانگ پارکنگ کےخلاف بھی سخت کریک ڈاؤن کا حکم جاری کر دیا گیا، سی ٹی او لاہور کے حکم پر چیکنگ پوائنٹس قائم کر دیئے گئے، اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر حملے کا معاملہ،محسن نقوی کا بیان سامنے آگیا

اس موقع پر سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے کہا کہ سموگ کا باعث بننے والی تمام تر وجوہات، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کےخلاف سخت ایکشن لیا جارہا ہے، انسانی صحت سے بڑھ کر کوئی چیز ضروری نہیں، شہریوں کو گرین رنگ میں گرین لاک ڈاؤن کی پاسداری کرنا ہوگی۔

واضح رہے کہ اس پابندی کا اطلاق 4 نومبر بروز پیر تک رہے گا۔