(بابر شہزاد تُرک) وفاقی بیوروکریسی میں گریڈ 20 اور 21 میں ترقی کے حوالے وفاقی حکومت نے 14 ماہ سے زیر التوا سنٹرل سلیکشن بورڈ اجلاس طلب کر لیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق سنٹرل سلیکشن بورڈ کا 3 روزہ اجلاس 25، 26 اور 27 نومبر کو کیبنٹ بلاک اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباد میں منعقد ہو گا، بورڈ اجلاس افسران کی گریڈ 19 سے 20 اور 20 سے 21 میں ترقی کی سفارشات کی منظوری دے گا، بورڈ اجلاس کی مرتب کردہ سفارشات کی حتمی منظوری وزیراعظم دیں گے، جس کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ہر افسر کی ترقی اور تقرر و تبادلے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کئے جائیں گے۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کریں گے، نوٹیفکیشن کے مطابق سنٹرل سلیکشن بورڈ اجلاس کا ایجنڈا و ورکنگ پیپرز جلد جاری کئے جائیں گے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس گزشتہ 14ماہ سے زیر التوا ہے، سنٹرل سلیکشن بورڈ کا گزشتہ اجلاس اگست 2023 میں ہوا تھا، قواعد و ضوابط کے مطابق ایک سال میں 2 مرتبہ سنٹرل سلیکشن بورڈ کے اجلاس کا انعقاد لازمی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:قاضی فائز عیسیٰ پر حملہ کرنے والوں کی شناخت ہو گئی