صوبے بلدیاتی حکومتوں سے متعلق اپنی ذمہ داری پوری کریں،صدر عارف علوی

Sep 30, 2021 | 00:28:AM

(24نیوز)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صوبائی حکومتوں پرزوردیا ہے کہ وہ بلدیاتی حکومتوں سے متعلق اپنی ذمہ داری پوری کریں، بلدیاتی نظام سے جمہوریت مستحکم ہوتی ہے ۔
 مقامی حکومتوں سے متعلق قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ مقامی حکومتوں سے متعلق اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، آئین پاکستان میں بھی کئی بار مقامی حکومتوں کا ذکر کیا گیا ہے، ریاست موثر بلدیاتی نظام کی ذمہ دار ہے اور اس کی حوصلہ افزائی کرتی ہے تاہم اب یہ صوبائی معاملہ ہے اور صوبوں کو بلدیاتی نظام کی تشکیل کے حوالے سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات کی تقسیم جمہوریت کا حسن ہے، جمہوری حکومت میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل کئے جاتے ہیں، آمریت کے دور میں بلدیاتی نظام پر زیادہ انحصار کیا جاتا ہے ،انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام سے متعلق ماضی میں کچھ خامیاں تھیں تاہم اب اس حوالے سے آئین اور قانون میں وسعت لانے کی ضرورت ہے۔صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا میں ہر ملک کی جمہوریت دوسروں سے مختلف ہوتی ہے، اسی طرح کوئی بلدیاتی نظام بھی ایک جیسا نہیں ہوتا، مقامی سطح پر آپس کے جھگڑے جرگہ اور پنچایت کے ذریعے حل کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام سے متعلق کانفرنس میں دیئے گئے مشوروں کو سیاسی حمایت حاصل ہے، ہمیں ماضی غلطیوں اور دوسروں کی اچھائیوں سے سیکھنا چاہئے،ہمیں منصوبہ بندی اور پر عزم ہو کر اپنی سوچ پر عمل کرنا چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں:علی ظفر کا ہرجانہ کیس ۔۔ میشا شفیع کا وکیل بیمار ہونے کے باعث سماعت ملتوی

مزیدخبریں