(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی اداکار، کامیڈین عمر شریف کو نمونیہ ہو گیا ہے،اور وہ جرمن کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عمر شریف کی آج ممکنہ طور پر امریکا روانگی مؤخر کئے جانے کا خدشہ ہے، انہیں علاج کیلئے جرمن شہر نیورمبرگ کے ہسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔امریکا میں ان کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب نے بتایا کہ ہسپتال میں عمر شریف کا علاج کرنے والی میڈیکل ٹیم نے عمر شریف کو مزید 2 دن تک زیرِ علاج رکھنے کا اشارہ دے دیا ہے۔
ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق عمر شریف کی طبیعت پہلے سے کافی بہتر ہے، ان کا بخار ختم ہو گیا ہے اور بلڈ پریشر بھی کنٹرول میں ہے، ان کے ٹیسٹ بھی کیئے گئے ہیں،ہسپتال کے ڈاکٹرز نے تفصیلی رپورٹس میں عمر شریف کو نمونیہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے جس کے بعد انہیں اینٹی بائیوٹک دوا شروع کرا دی گئی ہے۔
امریکی معالج اور معروف پاکستانی اداکارہ ریما کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق نیورمبرگ نارتھ ہسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ عمر شریف مزید 2 دن تک زیرِ علاج رہ سکتے ہیں، نیورمبرگ نارتھ ہسپتال کے ڈاکٹروں کی ٹیم کی اجازت سے ہی عمر شریف کو امریکا کیلئے اگلا سفر کرایا جائے گا۔
واضح رہے اگلے سفر کی اجازت ملتی ہے تو نیورمبرگ سے روانگی کے بعد لگ بھگ ساڑھے 7 گھنٹے کے سفر کے بعد ایئر ایمبولینس آئس لینڈ کے کیفلاوک ایئر پورٹ پر اسٹاپ اوور کرے گی، طیارے کی ری فیولنگ ہو گی اور ممکنہ طور پر مریض کو ریسٹ کرایا جائے گا۔
ایئر ایمبولینس کمپنی کے ذرائع کے مطابق کیفلاوک سے آن کال انٹرنیشنل کمپنی کے ہیڈ کوارٹر کینیڈا کیلئے روانگی کا فیصلہ عمر شریف کی صحت دیکھ کر کیا جائے گا،کینیڈا کے گوس بے ایئر پورٹ پر بھی طیارے کا 2 گھنٹے کا اسٹاپ اوور شیڈول پر ہے، اگلے اور آخری مرحلے میں پرواز اپنی حتمی منزل واشنگٹن ایئر پورٹ پر لینڈ کرے گی۔
ایئر ایمبولینس سے عمر شریف کو امریکا کے جارج واشنگٹن یونیورسٹی ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔