(24نیوز)اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ تحفظ ختم نبوتؐ کی تحریک چلاناچودھری ظہورالٰہی شہید کا بڑا کارنامہ تھا
تفصیلات کے مطابق چودھری پرویز الہی نے سعودی عرب میں ظہور الہی کی برسی کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ ختم نبوتﷺ کی تحریک چلانا اور قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دلوانا چودھری ظہورالٰہی شہید کا بڑا کارنامہ ہے،چودھری ظہور الٰہی شہید نے کبھی عوامی خدمت اور اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔
چودھری ظہور الٰہی شہید نے ساری زندگی عوام کے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کی،چودھری شجاعت حسین کی سربراہی میں ہمارا خاندان ظہورالٰہی شہید کے مشن کو لیکر آگے چل رہے ہیں، آج بھی لوگ چودھری ظہور الٰہی شہید کے خاندان کا نام عزت و احترام سے لیتے ہیں ،ہر سال برسی کے موقع پر ہم اپنے آپ سے عہد کرتے ہیں کہ یا اللہ ہم سے ایسے کام لے جس سے تو اور تیری مخلوق راضی ہو۔
چودھری پرویز الہی نے یہ بھی کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان محبت قابل قدر ہے،شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے دورہ پر کہا تھا کہ میں پاکستان کا سفیر ہوں ،انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مظلوموں کی مدد کرنا اپنا اولین فرض سمجھا۔
صدر مسلم لیگ سعودی عرب چودھری اظہر وڑائچ کا شکریہ جن کی صدارت میں چودھری ظہور الٰہی شہید کی برسی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا،چودھری پرویزالٰہی نے پیرس، سپین، جرمنی سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں چودھری ظہورالٰہی شہید کی برسی کا انعقاد کرنے پر تمام مسلم لیگی رہنماؤں و کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: جنرل ہسپتال میدان جنگ میں تبدیل۔۔ گارڈز کا لواحقین پر تشدد