پشاور میں معروف حکیم سردار ستنام سنگھ قتل 

Sep 30, 2021 | 22:27:PM

(24نیوز)پشاور میں نامعلوم افراد نے معروف حکیم سردار ستنام سنگھ کو فائرنگ کر کے قتل کردیا
تفصیلات کے مطابق دوپہر پشاور کی چارسدہ روڈ پر واقع دواخانے میں نامعلوم افراد داخل ہوئے اور حکیم سردار ستنام سنگھ پر فائرنگ کر دی۔پولیس کے مطابق تفتیشی ٹیم کی جانب سے جائے وقوعہ کے آس پاس لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی حاصل کی جا رہی ہے جبکہ واردات کے فوراً بعد تمام ناکہ بندیوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کے ذریعے مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔پولیس نے کہاکہ موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ سے خالی خول سمیت دیگر اہم شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے پولیس کی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔سردار ستنام سنگھ معروف حکیم تھے اور انھوں نے نیشنل کونسل فار طب سے حکمت کی تعلیم حاصل کی تھی۔ حکیم سردار ستنام سنگھ ماہر طبیب تھے اور وہ ہفتے میں چار روز پشاور اور باقی دن حسن ابدال اور راولپنڈی میں مریضوں کا معائنہ کیا کرتے تھے اور انھوں نے طب کی تعلیم میں گولڈ میڈل حاصل کر رکھا تھا۔ سردار ستنام سنگھ نے لواحقین میں بیوہ، تین بیٹیاں اور دو بیٹے چھوڑے ہیں۔پشاور سے ملحقہ ضلع چارسدہ میں مارچ اور اپریل 2014 کے دوران دو سکھ حکیموں کو ہدف بنا کر ہلاک کیا گیا تھا۔ ان میں پشاور سے تعلق رکھنے والے سکھ حکیم بابا جی پرم جیت سنگھ بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:برٹنی سپیئرز کو عدالت سے بڑی خوشخبری مل گئی

مزیدخبریں