(کومل اسلم) بدلتے موسم کے ساتھ دن چڑھتے ہی سورج نے آنکھیں دکھانا شروع کر دیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں آج موسم خشک اور جنوبی علاقوں میں گرم رہنے کا امکان ہے۔
شہر لاہور میں موسم مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔
شہر میں آلودگی کی مجموعی شرح 140ریکارڈ کی گئی۔ سید مراتب علی روڈ161،فیز8 ڈی ایچ اے میں آلودگی کی شرح 140ریکارڈ کی گئی ہے۔
کراچی میں بھی 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 25.5 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق گرم موسم کے دوران شہری پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال یقینی بنائیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، جبکہ بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار اورگلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہاراورگلگت بلتستان میں برفباری کا امکان ہے، شہید بینظیرآباد اور حیدر آباد میں درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔