اوس کا عنصر ورلڈ کپ کو انتہائی دلچسپ بنا دے گا: بھارتی کوچ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ راہول ڈریوڈ کا کہنا ہےکہ اوس کا عنصر ورلڈ کپ کو انتہائی دلچسپ بنا دے گا۔
بھارت کی آسٹریلیا کے ہاتھوں تیسرے ون ڈے میچ میں 66 رنز سے شکست کے بعد راجکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ راہول ڈریوڈ نے کہا کہ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران اوس اور اس کی وجہ سے میدان میں نمی اس عالمی کپ کو انتہائی سنسنی خیز بنا دے گی، بھارت ایک بڑا ملک ہے اور یہ کہنا مشکل ہو گا کہ کیا ہر جگہ یکساں اوس پڑے گی، ہر میدان اور ہر دن الگ ہو گا، اوس کے حوالے سے کوئی بھی پیش گوئی کرنا کافی مشکل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ 2023 کے کمنٹری پینل کا اعلان، پاکستان کے کونسے کمنٹیٹرز شامل ہوں گے؟ جانیے
سابق بھارتی کپتان نے کہا کہ تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ واقعی اوس کس حد تک میچز کے نتائج پر اثرانداز ہو گی، میں نے ایسے میدانوں پر بھی میچز کھیلے ہیں جہاں میچ سے ایک دن قبل آؤٹ فیلڈ بالکل گیلی ہوتی ہے لیکن میچ کے وقت تک یہ بالکل خشک ہو چکی ہوتی تھی، جیسے جیسے ٹورنامنٹ آگے بڑھے گا، کچھ مقامات پر اوس اہم کردار ادا کرے گی البتہ کچھ جگہوں پر ایسا نہیں بھی ہو گا جس کی وجہ سے یہ ٹورنامنٹ بہت زیادہ دلچسپی کا حامل ہو گا۔
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم اس وقت کھیل کے تمام فارمیٹس میں عالمی نمبر ایک ہے اور وہ 8 اکتوبر کو پانچ مرتبہ کی چیمپیئن آسٹریلین ٹیم کے خلاف میچ سے اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرے گی جس کے بعد 14 اکتوبر کو روایتی حریف پاکستان کے مدمقابل ہو گی، ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل بھارتی ٹیم 2 وارم اپ میچز بھی کھیلے گی جہاں اس سلسلے کا پہلا میچ انگلینڈ اور بھارت کے درمیان 30 ستمبر کو گوہاٹی میں کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی کپتان کی کرکٹ کو مزید دلچسپ بنانے کیلئے انوکھی تجویز، جان کر آئی سی سی بھی دنگ رہ جائے
خیال رہے کہ ون ڈے ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپیئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہو گا جہاں بھارت کے 10 شہر 48 میچوں کی میزبانی کریں گے، ان 48 میچوں میں سے سوائے 6 میچوں کے باقی تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے اور بھارت میں ڈے اینڈ نائٹ میچوں میں شام کے اوقات میں اوس اور گیلی آؤٹ فیلڈ بہت اہم کردار ادا کرتی ہے کیونکہ شام کے اوقات میں گیند گیلی ہونے کی وجہ سے اسے گرپ کرنا مشکل ہوتا ہے۔