لندن میں سجاہم ایوارڈزکامیلہ،ڈرامہ سیریل"سنگ ماہ"نے چھ ایوارڈ نام کرلیے
ماہرہ خان، ہانیہ عامر، کبریٰ خان، عاطف اسلم اور فرحان سعید کی پرفارمنسز نے رنگ جمایا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)لندن میں ہونے والے نویں ہم ایوارڈز2024ء میں ڈرامہ سیریل"سنگ ماہ"نے چھ ایوارڈ اپنے نام کرکے میدان مار لیا۔
نویں ہم اسٹائل ایوارڈز کی رنگارنگ تقریب میں پاکستان کی ٹی وی،فلم،میوزک اورفیشن انڈسٹری کے تمام نمایاں نام ایک چھت تلے موجود تھے۔رنگوں،روشنیوں اورخوشبوئوں سے سجی اس تقریب میں ماہرہ خان، ہانیہ عامر، کبریٰ خان،عاطف اسلم اور فرحان سعید کی جاندار پرفارمنسز نے خوب رنگ جمایاجبکہ یمنیٰ زیدی،رمشا خان،زویا ناصر، دنانیرمبین،عاطف اسلم، عروہ حسین سمیت دیگرستاروں نے ریڈکارپٹ پرجلوے بکھیرے،ایوارڈزتقریب میں مداحوں نے اپنے اپنے پسندیدہ اداکاروں اوراداکاراؤں کے ساتھ سیلفیاں بھی لیں۔
ایوارڈز تقریب کا آغازقومی ترانے کے ساتھ ہوا،پروڈیوسرمومنہ درید نے"سنگ ماہ "کے لیے مقبول ترین ڈرامے 2022کا ایوارڈ وصول کیا،"سنگ ماہ" سے ٹی وی پرایکٹنگ کیریئر کا آغاز کرنے والے گلوکارعاطف اسلم نے بہترین نئے اداکار کا ایوارڈحاصل کیا۔
مصطفیٰ آفریدی نے"سنگ ماہ" کے لئے بہترین رائٹر جبکہ سیفی حسن نے بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ اپنے نام کیا،بہترین اوریجنل ساؤنڈ ٹریک کا ایوارڈ بھی "سنگ ماہ" کے حصے میں آیا،بہترین او ایس ٹی کےلئے میوزک ساحر علی بگا نے دیا جبکہ آواز عاطف اسلم کی تھی۔
"سنگ ماہ" کی دونوں بہنیں ثانیہ سعیداورسمعیہ ممتازبھی پیچھے نہ رہیں، ثانیہ سعید نے سب سے جاندار اداکاری اور سمعیہ ممتاز نے بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کیا۔
ڈرامہ سیریل "نیم"میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی ماورا حسین کو2023 کی بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیاجبکہ سید جبران کوبہترین منفی کردارکا ایوارڈ دیاگیا،جاندار اداکاری سے اپنے کردار بختاور میں جان ڈالنے والی یمنیٰ زیدی کو بہترین اداکارہ 2022ء کا ایوارڈ دیا گیا۔
بہترین اداکار 2023 کے دو ایوارڈ حمزہ سہیل اورخوشحال خان کے نام رہے۔ڈرامہ "جھوک سرکار"میں بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ آصف رضا میر کے حصے میں آیا،بہترین آن اسکرین جوڑی 2023 کا ایوارڈ"فیری ٹیل ٹو" کے حمزہ سہیل اور سحر خان کے نام رہا۔
احد رضا میر اور رمشا خان کو ڈرامہ سیریل "ہم تم" میں بہترین آن اسکرین جوڑی 2022 کے ایوارڈ سے نوازا گیا،بہترین ہدایت کار 2023 کا ایوارڈ ڈرامہ سیریل "محبت گمشدہ میری" کے شاہد شفاعت کے نام رہا،سینئراداکار جاوید شیخ کو نویں ہم ایوارڈ میں خصوصی گولڈن پلیٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔