لیگی رہنما چوہدری سرفراز افضل کا ساتھیوں سمیت عوام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان

Sep 30, 2024 | 18:31:PM

(اویس کیانی) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری سرفراز افضل نے عوام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

عوام پاکستان پارٹی نے راولپنڈی میں انٹری مارتے ہی مسلم لیگ ن کی اہم وکٹ اڑا دی، ن لیگ کے سابق مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری سرفراز افضل اور ان کے ساتھیوں نے عوام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا، ان کی عوام پاکستان پارٹی میں شمولیت کے موقع پر شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں عوام پاکستان کے چیئرمین شاہد خاقان عباسی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے، تقریب میں راجہ عتیق سرور ، ظفر مرزا اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

سرفراز افضل چوہدری کا تقریب سے خطاب

عوام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے سرفراز افضل چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری شاہد خاقان عباسی سے ملاقاتیں ہوئیں اور پوچھا اس پارٹی کا مقصد کیا ہے؟ ن لیگ سے اپنا تعلق کیوں ختم کیا؟ شاہد خاقان بولے انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو اور پھر یہ دوسری طرف چل دیئے، ہم نے ن لیگ میں جو محنت کی جب وقت آیا تو ن لیگ نے اقتدار کو اقدار پر فوقیت دی، آج غریب مزید غریب ہو رہا ہے، آج ن لیگ جماعت حکومت میں ہے اور اس وقت ہم یہ جماعت چھوڑ رہے ہیں۔

چوہدری سرفراز نے باقاعدہ عوام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اگر چاہتے تو آج حکومت میں سب سے اعلی عہدے پر بیٹھ سکتے تھے۔

شاہد خاقان عباسی کا تقریب سے خطاب

شاہد خاقان عباسی نے تقریب سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری سرفراز، ان کے خاندان، دوستوں سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم سب ایک ضلع کے رہنے والے ہیں، کسی سیاسی ورکر کیلئے سب سے مشکل کام اپنی جماعت کو چھوڑنا ہوتا ہے، ہم سب کے لیے مشکل تھا یہ سب لیکن ان سب چیزوں سے افضل چیز پاکستان ہے، ملک میں آئین کی بالادستی ہو لیکن آج ملک کے حالات دیکھ لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2 ہفتے پہلے ملک کی قومی اسمبلی، سینیٹ اور حکومت پورا دن بیٹھی رہی کہ آئینی ترمیم کرنی ہے، سب بیٹھے تھے لیکن کسی نے آئینی ترمیم دیکھی تک نہیں تھی یہ حالات ہیں، ان سب حالات میں غربت، بے  روزگاری کیسے ختم ہو گی؟ الیکشن میں جو کچھ ہوا وہ سب کچھ آپ کے سامنے ہے، چوری شدہ الیکشن ہے، ایسے ملک نہیں چل سکے گا اور نہ ان لوگوں کو ملک چلانے کا کوئی حق ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج پاکستان کی سیاست صرف گالم گلوچ اور الزامات لگانے اور اپنے لیے قانون، آئینی ترمیم لانے کا نام ہے، ملک میں پولیس جس کا مقصد عوام کا تحفظ ہوتا ہے وہ آج سڑکوں پر احتجاج کر رہی ہے، یہ حالات ہے ہمارے ملک کے، پرسوں  آپ کے شہر میں کیا ہوا، جلسوں سے عوام کو تکلیف نہیں، عوام کو حکومت سے تکلیف ہے، ہفتے والا پورا دن شہر، اسلام آباد اور موٹروے بند رہا، اس لیے کہ جلسہ نہ ہونے دیں، ہم میں کوئی شرم نہیں رہی، پشاور گیا تو ریت سے 3 جگہوں پر  موٹروے بند کیا گیا تھا۔

حکومت کے بعد بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ 3 سال 8 ماہ عمران خان اقتدار میں رہا لیکن اس  نے ملک کیلئے کوئی کام نہیں کیا، ہم نے مارشل لاء اور دوسری حکومتیں دیکھیں لیکن کبھی یہ خوف نہیں دیکھا کہ ریت کی دیواریں لگا کر جلسے کرنے سے روکا جا رہا ہے، فاٹا کے لوگ کہتے ہیں کہ کیا ہم پاکستانی نہیں ہیں کہ ہمیں جلسے کی اجازت نہیں دی جا رہی، اگر صوبے آپس میں لڑ پڑے تو کیا ہو گا، آج وقت ہے کہ ملک کو جوڑیں اس کو صحیح راستے پر ڈالنے کا واحد حل ہے کہ انتشار کو ختم کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ابرار الحق کا سیاست میں مشروط واپسی کا اعلان

شاہد خاقان عباسی نے الیکشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں جو کچھ ہوا بچہ بچہ جانتا ہے، حکمرانوں کو چاہیے کہ حالات  کو درست کریں ایک قدم پیچھے ہوں تاکہ بعد میں پچھتاوا نہ ہو، ان کرسیوں میں کچھ نہیں رکھا، سیاست برائے اقتدار ہمیشہ ناکام ہوا ہے، ہمارا آئین 7ویں نمبر پر ہے، اتنا بڑا آئین ہے، ہمارے آئینی عہدیداروں کو چاہیے کہ وہ آئین توڑنا چھوڑ دیں، آئین اگر پسند نہیں ہے تو آئینی ترمیم عوام کے سامنے تو رکھیں کیوں چھپا رہے ہیں، خدا کے لیے اس ملک کی عوام کا خیال رکھیں، ترمیم حکومت رات کے اندھیرے میں کر لے لیکن اس کا ملک کو نقصان ہو گا، آئین پر چلنے سے ہی معیشت ٹھیک ہو سکتی ہے۔

مزیدخبریں