(ویب ڈیسک)سیلاب متاثرین کی امداد کا مشن جاری،وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کیلئے 10 ارب روپے کی امداد کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امدادی کاموں، فنڈز کی منتقلی، متاثرین کی بحالی اور امداد کے کاموں کی خود نگرانی کروں گا اور سیلاب متاثرین میں امداد کی تقسیم کے عمل کو شفاف بنائیں گے،انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے تباہی ہوئی کیونکہ لوگوں نے دریا کے اوپر اور اندر تعمیرات کر رکھی تھیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دریا بپھر گئے اور سندھ میں دیہات مکمل تباہ جبکہ فصلیں متاثر ہوئیں۔ 7 لاکھ جانور پانی میں ڈوب گئے اور لاکھوں متاثرین کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں،آرمی چیف نے سیاحوں کو منتقلی کیلئے ہیلی کاپٹرز فراہم کئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف نےعمران خان کو پھربڑی آفر دیدی
انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے، صوبائی حکومتوں اور افواج پاکستان کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر داد دیتا ہوں،سیلاب متاثرہ فی خاندان کو 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے، برادر ممالک بھی اس مشکل میں سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں اور ہمیں جہاں جہاں سے سیلاب متاثرین کیلئے فنڈز ملیں گے ہم اس کے امین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترکی، ایران اور متحدہ عرب امارات کے صدور رابطے میں ہیں اور بیرون ممالک سے دن رات جہاز سامان لا رہے ہیں۔ دیر،اپر دیر اور دیگر علاقوں کا دورہ آئندہ وزٹ پر کروں گا اور بتایا گیا کہ کل رات تک لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل مکمل ہو جائے گا،وفاقی حکومت نے این ڈی ایم اے اور بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 28 ارب روپے جاری کئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی مارکیٹ: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر کمی
آئی ایم ایف کے پروگرام سے متعلق بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کرے آئی ایم ایف کا یہ ہمارا آخری پروگرام ہو۔ ہم نے اخوت کے ساتھ مشکل حالت سے نکلنا ہو گا۔