(24 نیوز)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہناہے کہ تمام شہریوں پر قانون کا یکساں اطلاق آئین کا تقاضا ہے ،توہین عدالت کے مرتکب شخص کو سزا دیئے بغیر چھوڑا نہیں جا سکتا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کیخلاف توہین عدالت کے مقدمے کی سماعت ہوئی،وکلا ہمیشہ عدالتی نظام کے تحفظ کیلئے ہر اول دستہ رہے، ہم ہمیشہ عدالت کے تحفظ کیلئے موجود رہے، عدالت نوٹس لے اور ملزم شرمندگی محسوس نہ کرے تو سزا سے نہیں بچتا، تمام شہریوں پر قانون کا یکساں اطلاق آئین کا تقاضا ہے ،توہین عدالت کے مرتکب شخص کو سزا دیئے بغیر چھوڑا نہیں جا سکتا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ طلال چودھری، دانیال عزیز اور نہال ہاشمی توہین عدالت کے مقدمات میں نااہل ہوئے، نہال ہاشمی کو توہین عدالت کے مقدمے میں جیل بھی بھگتنا پڑی، تمام شہریوں پر قانون کا یکساں اطلاق آئین کا تقاضا ہے، جو شخص ملک کا وزیراعظم رہا ہو اس کی گفتگو میں تو شیرینی ہونی چاہئے، خان صاحب اینگری مین ہیں ، انہیں اولڈ مین نہیں کہوں گا، عمران خان اپنے آپ کو اولڈ سمجھتے بھی نہیں ہیں۔
وفاقی وزیر قانون نے کہاکہ شوکت ترین کی کے پی اور پنجاب کے وزرائے خزانہ کیساتھ گفتگو سامنے آئی، سابق وزیر خزانہ اس گفتگو کے بعد اپنے حلف کی پاسداری سے بھی گئے، شوکت ترین نے ریاست کے مفاد کو پس پشت ڈالنے کی کوشش کی، یہ تو اللہ کا شکر ہے ان کا منصوبہ کامیاب نہیں ہوا، یہ ریاست کیساتھ منافقت اور بغاوت کے زمرے میں آتا ہے۔
ان کا کہناتھا کہ وزارت داخلہ اور وزارت قانون میں مشاورت جاری ہے، ہم نے گفتگو کی آڈیو کی فرانزک کرانے کا فیصلہ کیاہے، رپورٹ آنے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، ریاست کیخلاف اٹھنے والی آواز اور ہاتھوں کیخلاف آئینی اور قانونی کارروائی ہوگی، ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائےگا۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی مارکیٹ: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر کمی