بجلی بلوں کیخلاف عوامی رد عمل کا خوف ،واپڈا ملازمین نے بھی حل ڈھونڈ لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بجلی کے بھاری بلوں کیخلاف عوامی رد عمل کے خوف سے واپڈا ملازمین گھر گھر جا کر بل تقسیم کرنے سے ڈرنے لگے، جہلم میں واپڈا ملازم بجلی کے سینکڑوں بل ایک ہوٹل میں پھینک کر فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بجلی کے زائد بلوں کیخلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جارہا ہے، ایسے میں اے این پی نے بھی بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف پشاور میں ریلی نکالی اور بجلی سستی نہ کرنے پر خیبرپختونخوا میں پہیہ جام کی دھمکی دی۔
بجلی کے بھاری بھر کم بلوں کیخلاف گجرات، بہاول نگر، میاں چنوں، حافظ آباد اور ٹنڈو الہ یار میں بھی ریلیاں نکالی گئیں اور شہریوں نے بجلی کے بل جلا دیئے۔
مظاہرین نے اضافی ٹیکس اور مہنگا ٹیرف واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔
دوسری جانب تاجروں نے امیر جماعت اسلامی کی 2ستمبر کو بجلی بلوں میں اضافے کیخلاف ملک گیر ہڑتال کی حمایت کردی، ہڑتال کی حمایت کا اعلان صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز، محمد اشرف بھٹی صدر انجمن تاجران پاکستان، سابق نائب صدر لاہور چیمبر حارث عتیق اور شیخ عتیق الرحمن صدر بانو بازار انارکلی نے کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سابق صدرنے ’’بڑی دھمکی‘‘ دیدی
امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری نے تاجر برادری سے ملاقات کی، تاجر برادری کو بھی بجلی بلوں میں اضافے کیخلاف احتجاج میں شرکت کی دعوت دی۔