ایمان مزاری کو کسی اور کیس میں گرفتار نہ کرنے کی درخواست پیر تک ملتوی

Aug 31, 2023 | 12:14:PM

(24 نیوز )انسانی حقوق کی سابق وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری  کی بیٹی اور سوشل ایکٹوسٹ  ایمان مزاری کی مزید کسی کیس میں گرفتاری سے روکنے کی درخواست پیر تک سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ۔

 اسلام آباد ہائیکورٹ نےمتعلقہ آرڈر سیکرٹری داخلہ کو بتانے کی ہدایت بھی کر دی،ایمان مزاری کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی اور حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی ،وزارت داخلہ حکام عدالت کے سامنے پیش ہوئے،عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے ایمان مزاری کے خلاف صوبوں میں درج مقدمات کی تفصیلات منگوائی ہیں ؟

وزارت داخلہ حکام نے بتایا کہ اسلام آباد میں ایمان مزاری کے خلاف ایک مقدمہ درج ہے وفاقی حکومت ایسے معاملات میں صوبوں کو حکم نہیں دے سکتی ،عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیسی بات کر رہے ہیں ؟ ہم نے صرف معلومات حاصل کرنے کے لیے کہا ہے ،اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ آرڈر دیر سے ملا ہے کچھ وقت دے دیا جائے۔

 وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر سے دوبارہ گرفتار کر لیا جائے گا،عدالت نے استفسار کیا کہ وزارت داخلہ کو کیا ہدایات ہیں ؟جیل میں ہے آپ تفتیش کریں چالان جمع کرائیں ٹرائل کرائیں ،عدالت نے ریمارکس دیے کہ اسے کیا کہنا چاہیے تھا کیا نہیں کہنا چاہیے میں اس متعلق کچھ نہیں کہوں گا، عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے ہدایت دی کہ سیکرٹری داخلہ کو بتائیں کہ ایمان مزاری کے کیس میں کورٹ آرڈر کیا ہے ایمان مزاری کو مزید کسی کیس میں گرفتاری سے روکنے کی درخواست پر سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ: ٹیموں کی شرٹس پر پاکستان کا نام نہ لکھنے کی وجہ سامنے آگئی

مزیدخبریں