(ویب ڈیسک) جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں 5 منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 63 افراد ہلاک جبکہ 43 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جوہانسبرگ میں عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے اور انتظامیہ کی جانب سے آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق عمارت میں آگ لگنے کے واقعے میں 63افراد ہلاک اور 43 زخمی ہوئے۔ جوہانسبرگ ایمرجنسی مینجمنٹ سروس کے ترجمان کے مطابق مقامی وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے عمارت میں آگ لگی جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ایمرجنسی حکام کے مطابق 50 کے قریب متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی اور عمارت میں ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متاثرہ عمارت میں بے گھر افراد رہائش پزیر تھے اور آتشزدگی کے وقت تقریباً 200 افراد عمارت کے اندر موجود تھے۔
مزید پڑھیں: افسروں کی مفت بجلی کی سہولت ختم کرنے کا معاملہ،وزارت پاور ڈویژن نےسمری تیار کر لی
سربراہ ایمرجنسی مینجمنٹ سروس رابرٹ ملاودزی کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے 20 سالہ پروفیشنل کیرئیر میں ایسی خوفناک آتشزدگی نہیں دیکھی، ریسکیو اہلکار 5 منزلہ عمارت کے ہر ہر فلور پر آپریشن کر رہے ہیں کیونکہ اندر مزید لوگ بھی پھنسے ہو سکتے ہیں۔