انجلین ملک کی گاڑی سے"حادثہ"، ہجوم نے اداکارہ کا موبائل چھین لیا

Aug 31, 2024 | 10:27:AM
 انجلین ملک کی گاڑی سے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے کلفٹن میں معروف اداکارہ و ماڈل انجلین ملک کی گاڑی سے مبینہ طور پر حادثہ پیش آنے کے بعد انہیں ہجوم نے گھیرلیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

 سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر انجلین ملک کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں اداکارہ کو اپنی گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ متعدد افراد اداکارہ کی گاڑی کو گھیرے اُنہیں گاڑی سے باہر نکلنے کا کہہ رہے ہیں۔

وائرل ویڈیو میں اداکارہ کی گاڑی کے اردگرد رکشہ اور دیگر گاڑیاں بھی موجود ہیں جن میں سے کچھ گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہجوم میں سے ایک شخص آگے بڑھ کر اداکارہ انجلین ملک سے اُن کا موبائل چھین لیتا ہے جس پر اداکارہ کہتی ہیں کہ میں کہیں نہیں بھاگ رہی بلکہ یہاں ہی کھڑی ہوں لہٰذا میرا موبائل فون واپس کریں۔

سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ انجلین ملک کی گاڑی سے کراچی کے علاقے کلفٹن میں حادثہ پیش آیا، اداکارہ نے رکشے سمیت دیگر گاڑیوں کو ٹکر ماری تاہم حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

دوسری جانب ابھی تک انجلین ملک نے اس حادثے اور وائرل ویڈیو کے حوالے سے کوئی بیان یا سوشل میڈیا پوسٹ جاری نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے کارساز میں پیش آنے والے حادثے کے بعد سے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے، لوگوں کا مطالبہ ہے کہ حادثے میں ملوث ملزمہ نتاشا کو جلد از جلد سزا دی جائے جس نے اپنی گاڑی تلی باپ بیٹی کو روند دیا تھا۔