(24نیوز)صدر پاکستان مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ ہی عوام کو مہنگائی اور بھاری بلوں سے نجات دلائے گی،ہماری کوشش ہے کہ عوام کو مسائل سے باہر نکالیں۔
ماڈل ٹاؤن مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ہونے والے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ گھریلو کے بعد صنعتی صارفین کیلئے ریلیف تلاش کر رہے ہیں، معیشت کو پاؤں پر کھڑا کرنا ترجیح ہے،انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ ہم کام کریں اور دوسرا کوئی آ کر ملک کی ترقی کو روکے اور غلط فیصلے کر کے ملکی ترقی کو ہی روند ڈالے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں نے ملک مہنگائی میں دھکیل دیا ہے۔
قبل ازیں ملکی سیاسی صورتحال پر نواز شریف کی زیرصدارت ن لیگ کے بڑوں کی بیٹھک ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور دیگر رہنما شریک ہوئے،اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف نے نئی حکومتی معاشی پالیسی پر بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران ملکی سیاسی امور اور بجلی صارفین کو ریلیف دینے کے حوالے سے بات چیت کی گئی جبکہ پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔