عوام بجلی چوری سے پرہیز کریں ورنہ لوڈشیڈنگ ہوگی: علی امین گنڈاپور
صوبے کے وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے، صوبے میں منشیات فروشوں کا پرائیویٹ ہسپتالوں میں مفت علاج ہو رہا ہے:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عوام بجلی چوری سے پرہیز کریں ورنہ لوڈشیڈنگ ہوگی، آپ حکومت کی ٹیم بنیں، ہم نے معاشرے میں شعور لانا ہے۔
سرکٹ ہاؤس ڈیرہ اسماعیل خان میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ صوبے کے وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے، صوبے میں منشیات فروشوں کا پرائیویٹ ہسپتالوں میں مفت علاج ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں صوبے کا وزیراعلیٰ ہوں لیکن ڈیرہ اسماعیل خان کو اپنا حق ملے گا، یہ آپ کے ٹیکس کا پیسہ ہے عوام پر کوئی احسان نہیں ہے، میں کسی پراجیکٹ کا افتتاح نہیں کرتا ہوں ایک فلائی اوور کا افتتاح کیا جو ابھی تک نہیں بنا, علاقے میں جو ترقیاتی کام ہو رہا ہے آپ اس کام کو چیک کریں، آپ نے ترقیاتی کاموں کی چوکیداری کرنی ہے، آپ نشاندہی کریں ہم کام کریں گے، تنقید کرنے کے بجائے عملی کام کریں، اپنے فائدے کیلئے دوسرے کو نقصان نہ پہنچائیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا ہےکہ صوبے کے عوام کو کہتا ہوں آپ حکومت کی ٹیم بنیں، ہم نے معاشرے میں شعور لانا ہے، محکمے اور ادارے آپ کی خدمت کے خواہش مند ہیں، بجلی اور لوڈشیڈنگ صوبے کا کام نہیں، بجلی چوری سے پرہیز کریں، چوری کریں گے تو بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوگی۔
وزیرِاعلیٰ کے پی کے کا کہنا تھا کہ صوبے نے اپنے حصہ کا آئی ایم ایف کو پورا پیسہ دیا ہے، اپنے وسائل کو بڑھانے کیلئے کام کر رہے ہیں، ہمارے آباؤ اجداد سمیت لوگوں نے صوبے میں بڑی قربانیاں دی ہیں، اداروں کے ساتھ تعاون کریں ادارے عوام کے غلام ہیں، پورے صوبے کے ترقیاتی کاموں کی نگرانی خود کروں گا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وژن کے مطابق کام کریں گے، امن وامان صوبے کا بڑا مسئلہ ہے، سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔